ایل او سی، بھارتی ڈرامہ اور مسلم کشی

November 24, 2020

بھارت کسی بین الاقوامی قانون اور سرحدی معاہدے کو نہیں سمجھتا۔ وہ کھلے عام عالمی قوانین اور سرحدی معاہدوں کی دھجیاں بکھیرتا جارہا ہے۔ ہفتۂ رواں میں بھارت نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر ایل او سی پر واقع گائوں ججوٹ بہادر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں ایک گھر کے اندر شادی کی تقریب جاری تھی۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں آخری اطلاعات کے مطابق گیارہ بے گناہ شہری زخمی ہوئے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور چھوٹے بچوں کی ہے۔ بھارتی فوج کی طرف سے ہفتے میں دوتین بار سرحدی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے بزدلانہ حملے کیے جاتے ہیں۔ جن میں اب تک کئی جانیں جا چکی ہیں۔ ان میں پاک فوج کے کئی جوان اور بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہو سچکے ہیں۔

پاکستان نے بھارتی کارروائیوں کے بارے میں جو ڈوزیئر پیش کیے ہیں۔ اِن میں تمام تفصیلات درج ہیں۔ اُن ڈوزئیر کے ذریعے پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارت کو بےنقاب کیا ہے۔ اب دنیا پر لازم ہے کہ وہ کرہ ارض کو بھارت کے ہاتھوں برباد ہونے سے بچائے ورنہ بھارتی امن دشمن پالیسیوں کا خمیازہ نہ صرف پڑوسی ممالک بھگتیں گے بلکہ پوری دنیا کو اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بھارت ایک مکار دشمن ہے، وہ پاکستان پر الزام لگانے کے لئے اپنے علاقہ میں اپنے شہریوں کو ہلاک کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ بھارت کا تازہ ترین ڈرامہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں سرینگر شاہراہ پر واقع نگروٹہ کے علاقے کا ہے۔ جہاں خود اپنے ہی لوگوں پر محض اس لئے حملے کا ڈرامہ رچایا تاکہ پاکستان پر اِس حملے کا الزام لگایا جا سکے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکے۔ بھارت نے اس جھوٹے ڈرامے میں مارے جانے والے چار افراد کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ بھارت سے یہی امید تھی کہ وہ اس طرح کی جھوٹی کارروائیاں ضرور کرے گا تاکہ دنیا کو حقیقت سے بھٹکا سکے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بھارت کی مکارانہ اور شیطانی سوچ سے کچھ بھی بعید نہیں ہے۔ ایسی جھوٹی کارروائیاں بھارت پہلے بھی کئی بار کر چکا ہے اور اِن کاروائیوں کا الزام فوری طور پر پاکستان پر لگا چکا ہے لیکن بعد میں حقائق سامنے آنے پر خود بھارت کا منہ کالا ہوا۔

دنیا کو یاد ہونا چاہئے کہ پلوامہ کے ڈرامے کا جب ڈراپ سین ہوا تو کیا حقیقت کھلی تھی۔ چھٹی سنگھ پورہ کے قتلِ عام کی حقیقت کیا تھی پٹھان کوٹ اور اوڑی کے واقعات میں کیا سچ سامنے آیا تھا۔ بھارت کچھ بھی کرلے سچ کو جھوٹ کے پردوں میں نہیں چھپا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے، پاکستان میں دہشت گردی کرانے اور بھارت کے اندر بسنے والے مسلمانوں کے قتل عام کے واقعات دنیا کے سامنے ہیں۔

بھارت کے اندر بسنے والے کروڑوں مسلمان ہوں یا مقبوضہ کشمیر کے رہنے والے اسی لاکھ مسلمان ، یہ سب نریندر مودی کے دوبارہ بر اسرا قتدار آنے کے بعد مزید ظلم وستم اور جبر کے شکار بنے ہوئے ہیں۔ ہم بارہا یہ تحریر کر چکے ہیں کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی شیطانی ذہن کے مالک انسان ہیں جو اس خطے میں بھارتی بالادستی قائم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ وہ اسرائیلی فارمولے پر عمل پیرا ہیں۔ اس لئے کوئی بھی پڑوسی ملک ان کے شر سے محفوظ نہیں ہے۔ دوسری طرف وہ اور ان کی جماعت بی جے پی ہندوتوا کو بڑھاوا دینے اور آر ایس ایس کی مسلم دشمن پالیسی پر چل رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کی زندگیاں شدید خطرے میں ہیں۔ نریندر مودی کی مسلم کش پالیسیوں کی وجہ سے کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن بنادی گئی ہیں۔ جن کی وجہ سے کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کی معاشرتی مشکلات اوراقتصادی مسائل میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دراصل نریندر مودی ایک موذی انسان اور آر ایس ایس کے سرغنہ ہیںجس کے دہشت گرد غنڈے اور شدت پسند کھلے عام مسلمانوں کو قتل کرتے ہیں،ان کے کاروبار کو تباہ اور عزتوں کو پامال کرتے ہیں، ان پر سر عام تشدد کرتے ہیں۔ نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی درندے اور آر ایس ایس کے غنڈے سرکاری سر پرستی میں یہی کارروائیاں کرتے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را ‘‘ بےگناہ کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کو جاسوسی کی جھوٹی رپورٹوں کی آڑ میں پکڑ کرلے جاتی ہے اور غائب کردیتی ہے۔ کئی بے گناہوں کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔

بھارتی بدنام زمانہ خفیہ ادارے ’’را‘‘ نے کروڑوں روپے تخریب کاروں اور اپنے پالے ہوئے تربیت یافتہ دہشت گردوں میں محض اس لئے بانٹے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کریں۔ معزز قارئین! اس میں کوئی شک وشبہ نہیں رہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے لئے دہشت گرد پاکستان میں داخل کرا چکا ہے۔ سی پیک ، بلوچستان کے اکثر علاقے، کراچی، لاہور، پشاور اور کے پی میں قبائلی اضلاع دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ ہم سب کا فرض ہے کہ متحد ہوکر حالات کی سنجیدگی کو سمجھیں۔ پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں اور ایک بار پھر دہشت گردوں کو مل کر ناکام بنائیں۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)