کرکٹ میچز سے ہوٹلز اور سفری شعبے کو فائدہ ہوا، پی سی بی

November 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا دعویٰ ہے کے کوویڈ کے باوجود ملک کے بڑے شہروں کراچی، اسلام آباد اور ملتان میں ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل میچ کرانے کا فائدہ ہوٹل انڈسٹری کو ہوا، ہوٹل انڈسٹری کے ماہرین نے ہمیں بتایا کہ ہم نے موجودہ حالات میں 5 ہزار نوکریوں کو محفوظ بنایا ہے۔ کھلاڑی اور کھیل کی سرگرمیوں سے جڑے دوسرے افراد فائیو اسٹار اور فور اسٹار ہوٹلز میں رہے، فلائٹ اور ٹریول کی وجہ سے بھی متعلقہ شعبوں کو فائدہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سیزن میں ڈیڑھ ارب روپے ہوٹل انڈسٹری پر خرچ کررہا ہے۔ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز، ڈومیسٹک میں سینئراور جونیئر کھلاڑی فائیو اسٹار ہوٹلوں میں بایو سیکیور ببل میں رہ رہے ہیں۔اب آگے پی ایس ایل 6 کے میچز آ رہے ہیں اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، ان شعبوں کو مزید فائدہ ہو گا، ہم ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔کوویڈ میں اخراجات کو سرمایہ کاری قرار دیں گے۔