اربوں شائقین پاک بھارت کرکٹ مس کر رہے ہیں، وسیم خان

November 24, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میںشائقین پاک بھارت سیریز کو مس کررہے ہیں ،دونوں ٹیمیں کھیلتی ہیں تو دو ارب لوگ ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں۔ مداح سیریز دیکھنا چاہتے ہیں مگر سیاسی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے۔نمائندہ جنگ کو انٹر ویو میں وسیم خان نے کہا کہ دونوں بورڈز پروفیشنل اورسیریز کھیلنے کے حامی ہیں مگر سیاسی صورتحال کے باعث ایسا کرنا ممکن نہیں۔ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک کھیل ہے نہ کہ کوئی جنگ کا میدان۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد سے غیرملکی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ عمران طاہر، شین واٹسن، ڈیل اسٹین، اے بی ڈویلیئرز اور فاف ڈوپلیسی جیسے کھلاڑیوں جیسے درجنوں کرکٹرز کی پاکستان آمد سے غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کررہی ہیں۔ پاکستان ٹیم کو آئندہ سال سیریز کھیلنے انگلینڈ جانا ہے مگر انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بغیر فیوچر ٹورز پروگرام کمٹنٹس کے اکتوبر میں پاکستان آنے کا اعلان کرچکی ہے۔ ہمیں 2023 سے شروع ہونے والے آٹھ سالہ سائیکل میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملنے کا یقین ہے۔ وسیم خان نے کہا چار دن پہلے جنگ میں شائع ہونے والی اس خبر کی تصدیق کی کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، جو بہت اچھی چیز ہے ۔پاکستان نے افغانستان کرکٹ کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں افغانستان کے کرکٹرز کھیلتے رہے ہیں، ماضی میں راشد لطیف اور انضمام الحق افغانستان میں کوچنگ کرتے رہے ہیں۔ دونوں بورڈز مل کر اس حوالے ونڈو نکالنے کے لیے بات چیت کریں گے ۔ پاکستان ٹیم کا اگلا برس بہت مصروف ہے، اگلے برس ونڈو ممکن نہ ہوئی تو 2022 میں ممکن بنائیں گے۔