کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں معیشت کمزور ہوسکتی ہے، حفیظ پاشا

November 24, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہر معاشیات ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ کورونا سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ،کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں معیشت کمزور ہوسکتی ہے ۔

گزشتہ تین ماہ میں صنعتی پیداوار میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے جو یقینا خوش آئند ہے البتہ 2018کے مقابلے میں مکمل ریکوری نہیں ہوئی بلکہ ایک فیصد کم ہے ۔

ایک انٹرویو میں حفیظ پاشا کا کہنا تھاکہ بیرو ن خرچوں کی ادائیگی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس سے فنانشل اکاوٴنٹ خسارے میں چلا گیا ہے جس سے توازن ادائیگی میں منفی رجحان پیدا ہوا ہے صرف کرنٹ اکاوٴنٹ نہیں بلکہ تمام اعدادوشماردیکھنا ہوں گے ۔

برآمدات میں 25فیصد اورقومی پیداوار میں 8فیصد کمی آئی تاہم کورونا کی دوسری لہر سے پہلے کورونا کے بعد صورتحال کچھ بہتر ہوئی تھی۔

برآمدات کے حوالے سے حفیظ پاشا کا کہنا تھا کہ ہماری برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے اسٹیٹ بینک نے گزشتہ چار ماہ کے اعداد وشمار پیش کئے جس سے ثابت ہوا ہے کہ ہماری برآمدات میں دس فیصد کمی آئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہنا مناسب نہیں کہ چاروں طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں اور معیشت ہر طرح سے پروان چڑ ھ رہی ہے۔