راولپنڈی میں گیس بحران مزید سنگین، صارفین سراپا احتجاج، سوئی ناردرن خاموش

November 24, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سوئی ناردرن گیس انتظامیہ کی بد انتظامی کے باعث راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس بحران حل ہونے کی بجائے مزید سنگین ہو گیا۔ میڈیا ٹائون میں گزشتہ روز حسب معمول گیس پھر غائب ہو گئی ، دن بھر اور رات گئے تک گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر رہا جبکہ اررد گرد کی رہائشی آبادیوں اور کمرشل ایریاز میں فراہمی جاری رہی جس پر صارفین سراپا احتجاج بنے رہے ۔ دوسری طرف اڈیالہ کے گردونواح میں بھی قدرتی گیس بند ہونے پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے، مشتعل افراد نے کہا کہ ہر سال گیس پائپ لائن مکمل کرنے کے نام پر عوام کو دلاسہ دیا جاتا ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے گردونواح کی آبادیاں داھگل شریف، ڈھوک جھنگ، ڈھوک منگا خان، ڈھوک اورنگزیب، گارڈن ولاز، حبیب لائن، کشمیر کالونی، گلشن شمال و دیگر ملحقہ آبادیوں میں گیس مکمل طور پر بند ہے اسی طرح علی ٹاؤن، منور کالونی، دھاماں سیداں، مبارک لین، ہل ویو لائن، ڈھوک راجگان، جراہی، کلیال، ثمرزاز، جنجوعہ ٹاؤن، شاہ پور سیداں، گلشن آباد میں بھی بیشتر وقت یہ سہولت میسر نہیں ہوتی، کسی علاقے میں گیس آتی بھی ہے تو پریشر اس قدر انتہائی کم ہوتا ہے کہ کھانا بنانا بھی ناممکن ہو چکا ہے۔ ادھر نیو کٹاریاں ، رحیم آباد ، ڈیفنس روڈ ، جہانگیر روڈ، چمن زار، دھمیال روڈ اشرف کالونی، نیو سول لائن ، کمال آباد ملتانی محلہ ، کوٹ جبی گلبہار کالونی، مسلم ٹائون کرنل یوسف کالونی ، ویسٹریج بازار، ویلی روڈ کے عوام نے بھی وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وزیر غلام سرور خان ، جی ایم سوئی ناردرن سے گیس کی بندش کا فوری نوٹس لے کر اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں کم از کم بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا ہی خیال کر لیا جائے اور انڈسٹریل صارفین کی بجائے گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے۔