مرغزار چڑیاگھر کا ہاتھی29نومبر کو کمبوڈیا روانہ کردیا جائیگا،امین اسلم

November 24, 2020

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) وزیراعظم کے معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر سے ہاتھی کو 29 نومبر کو کمبوڈیا روانہ کردیا جائیگا، یہ فیصلہ ہاتھی کی بقا کیلئے اسے قدرتی مسکن فراہم کرنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں مرغزار چڑیا گھر میں کاوان کی روانگی کے حوالے سے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے کے طور پر پاکستان کے حوالے کیا گیا تھا، انہوں نے کہا عام طور پر ایک ہاتھی کی اوسط عمر 40 سے 45 سال کے درمیان ہوتی ہے، کاوان ہاتھی کو کمبوڈیا کے تقریباً 25 ہزار ایکڑ رقبہ پر محیط قدرتی مسکن میں بھجوایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی باقی زندگی بہتر طور پر گزار سکے، انہوں نے کہا کاوان اکیلے پن کی وجہ سے صحت کے مسائل سے دوچار رہا،انہوںنے کہا کہ مرغزار چڑیا گھر میں لوگوں کیلئے ہاتھی توجہ کا مرکز رہا ہے، اس کے جانے کا دکھ ہے لیکن اس کی بقا کیلئے یہ ضروری ہے ۔