تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بروقت،تدریسی حرج ہو گا،متعدد کی مذمت

November 24, 2020

لاہور(خبر نگار) تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بروقت ہے ،طلباکی اکثریت اوروالدین نےفیصلہ سراہا،تدریسی حرج ہو گا ،اساتذہ نے تعلیم دشمنی قراردیدیا۔حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کرنےپر والدین ، اساتذہ ، نجی سکولوں اور اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں نے ملے جلے ردعمل کا اظہا رکیا ہے۔دوسری جانب بعض والدین اور طلبہ نے تعلیمی اداروں کی بند ش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کے مفاد میں نہیں ہے ۔ آن لائن کلاسز کبھی بھی تعلیمی اداروں کا متبادل نہیں ہو سکتیں ۔ اس حوالےسے پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنما رانا لیاقت نے کہا ہے کہ طلباء کے مفاد میں تعلیمی ادارے بند کرنا اچھا فیصلہ ہے ۔ آل پاکستان پرائیوٹ سکولز مینجمنٹ ایسویسی ایشن کے صدرکاشف ادیب نے کہا ہے کہ حکومت نے سکول بند کیے ہیں تو چھوٹے اور کم فیس والےسکولوں کو خصوصی ریلیف پیکج دیا جائے ۔کاشف شہزاد چودھری نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ تعلیم دشمنی پر مبنی ہے۔انجمن طلباء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عامر اسماعیل نے وزرائے تعلیم کانفرنس کی تجاویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کہ آن لائن نظام تعلیم کے تحت حکومت پہلے ہی لاکھوں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا چکی ہےآل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سکولز بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیاہے۔