فضائی آلودگی کے حل کیلئے سماجی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر خزانہ

November 24, 2020

لاہور (خصوصی رپورٹر)سموگ فضائی آلودگی کی ہی ایک قسم ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے ساتھ شدت اختیار کر رہی ہے۔صنعتوں اور نقل و حمل کے ذرائع پر عارضی پابندیاں مسئلے کا حل نہیں۔صنعتوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی اور برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری کے لیے وقت اور وسائل درکار ہیں جنھیں بتدریج یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مسئلے کے فوری اور دیرپا حل کے لیے سماجی رویوں میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام آلودگی پر کنٹرول کے لیے سول سوسائٹی کے کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار کے دیگر شرکاء میں ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڈ، ڈائریکٹر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی راجہ خرم شہزاد عمر، چیئرمین اربن ڈویلپمنٹ یونٹ سول سوسائٹی اور میڈیا سے نمائندگان اور مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبر شریک تھے۔ ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڈ نے سیمینار کے شرکاء کو فضائی آلودگی میں اضافے اور سموگ کی وجوہات سے آگاہ کیا ۔