نئے شہر کے ماسٹر پلان کے فیز ون کا ابتدائی پر پوز ترمیم شدہ نقشہ تیار

November 24, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)ریور راوی اتھارٹی نے راوی کنارے نئے شہر کے منصوبے کے ماسٹر پلان کے فیز ون کا ابتدائی پر پوز ترمیم شدہ نقشہ تیار کرلیاہے، جسے مزید مشاہدےکیلئے 90 شاہرہ وزیر اعلی آفس میں ڈسپلے کر دیا ہے ،جس میں پرانے نقشے میں موجود میڈیکل سٹی کیلئے مختص اراضی کو نکال دیا ہے ،فیز ون کے ترمیم شدہ نقشہ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کو مد نظر رکھتے ہوئے صرف رہائشی علاقے بنائےجائیں گے۔ذرائع کے مطابق فیز ون نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صرف رہائشی علاقے بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ راوی ریور منصوبے کے نقشے میں راوی اتھارٹی نے فیز ون میں کل 22 ہزار 93 ایکڑ اراضی ایکوائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیز ون کے ترمیم شدہ نقشے میں سے میڈیکل سٹی کیلئے مختص اراضی کو نکال دیا گیا۔راوی شہر کے فیز ون میں 25 آبادیوں میں واقعہ 18 موزاجات کو ایکوائر کیا جائے گا۔ تاہم راوی اتھارٹی کی طرف سے گھر، انڈسٹریز اور تعمیرات کو ایکوائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،رہائشی زون میں 3 زون بنائے جائیں گے جس میں سے ایک رہائشی زون واٹر فرنٹ ہو گا۔ دوسرا مڈرائز اور تیسرا ہائی رائز بلڈنگز پر مشتمل ہو گا۔