شہری گھروں میں سیوریج ملا گندا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، ذکر اللہ مجاہد

November 24, 2020

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت صفائی ستھرائی اور بدترین ٹریفک کے نظام کی وجہ سے مسائلستان بن چکا ہے۔ شہری گھروں میں سیوریج ملا گنداپانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ سٹرکوں اور گلی محلوں میں جابجا گندگی ڈھیرے بدترین انتظامات کی کھلی منظر کشی کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آلودگی کے حوالے سے دوسروں شہروں کی نسبت شہر لاہور سرفہرست ہے۔اگر شہر میں صفائی کا انتظام بہتر نہیں ہوا تو کورونا وائرس کے بعد وبائی امراض بڑھنے کے امکانات کا خدشہ بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اچھرہ کے زیر اہتمام پائے ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر لاہور میں جہاں گلی محلوں میں بدترین انتظامات کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر سیوریج کے نظام کو مزید تباہ کرنے کی وجہ بن رہے ہیں اور شہریوں کیلئے اذیت کا باعث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر لاہور مسائل کی آمجگاہ بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہے۔