کرپشن کیسز میں گرفتار محکمہ جنگلات کے افسران کی ضمانتیں منظور

November 24, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مقدمہ میں گرفتار محکمہ جنگلات کے افسران کی ضمانتیں وکلاء دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے 2 ، 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا ہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں فارسٹ آفیسر سید توقیر اکمل، غلام نازک، محمد انور اور محمد عدنان سمیت دیگر نے کونسل رانا آصف سعید کے ذریعے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ نیب ملتان نے مبینہ ملی بھگت کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا۔ انہیں ایک سال قبل گرفتار کیا گیا اور احتساب عدالت نے جیل بھجوا دیا۔ ریفرنس میں ان سمیت دیگر ملزمان پر قومی خزانے کو 980ملین سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، ملزمان میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر جاوید اقبال، مطلوب احمد، بلاک آفیسر محمد رمضان، احمد گارڈز میں صدیق اور خالد محمود شامل ہیں۔تاہم عدالت نے وکلاء دلائل کے بعد ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔