ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، افسران کی سی ای او کا اضافی چارج سنبھالنے سے معذرت

November 24, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے دورہ ملتان کے دوران سی ای او عبداللطیف خان کو ناقص کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا تھا ، تاہم ان کی جگہ پر تاحال نیا سی ای او تعینات نہیں کیا جا سکا - معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ڈپٹی چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اقبال فرید اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی کو سی ای او کا اضافی چارج سنبھالنے کی درخواست کی ، تاہم دونوں افسران نے چارج لینے سے معذرت کر لی - ذرائع کے مطابق ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں افسران کی آپسی چپقلش ، مالی بد عنوانیوں کے اسکینڈلز کے ساتھ ساتھ چند اعلیٰ افسران کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بھی کوئی افسر چارج لینے کو تیار نہیں، دوسری جانب سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی عدم تعیناتی سے دفتری امور شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ صفائی مہم بھی التواء کا شکار ہے - شہر کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، مگر شکایات درج کروانے کے باوجود کمپنی اہلکار ازالہ کرنے نہیں پہنچتے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے انتظامی امور کو فی الفور حل کیا جائے تاکہ صفائی کے معاملات میں بہتری آئے۔