پیپلز پارٹی کے دفاتر کس بنیاد پر سیل کیے جا رہے ہیں؟ شیری رحمان

November 24, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان کا گلگت بلتستان میں احتجاج کے دوران سیل ہونے والے پی پی کے دفاتر سے متعلق کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دفاتر کس بنیاد پر سیل کیے جا رہے ہیں؟۔

شیری رحمان نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے احتجاج کے دوران کارکنان کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارہ الیکشن چوری ہوا، لوگوں کا ووٹ چوری ہوا، دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج ہمارہ آئینی حق ہے۔

شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد گلگت بلتستان میدان جنگ بنا ہوا ہے، تحریک انصاف دھاندلی چھپانے کے لیے گلگت بلتستان میں انتشار پھیلا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن پر امن ہیں، ہنگامے تحریک انصاف کے کارکنان کر رہے ہیں، حکومت شر پسندی میں ملوث افراد کو گرفتار کرے، ہمارے کارکنان کو نہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دھاندلی چھپانے کے لیے گلگت بلتستان کا امن خراب نہیں ہونے دیں گے، تباہی سرکار ہوش کے ناخن لے،وفاقی وزراء جی بی میں غنڈہ گردی بند کریں۔