کورنگی، ہوشیار زخمی ڈاکوؤں کو ٹیکنالوجی نے پکڑوا دیا

November 24, 2020

شہر قائد کراچی کے علاقے کورنگی میں زخمی ڈاکوؤں کی ہوشیاری بھی کام نہ آئی، ٹیکنا لوجی نے پکڑوا دیا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق شہری کی فائرنگ سے 2 ڈاکو کو زخمی ہوئے تھے، زخمی ہونے پر ڈاکوؤں نے اپنا اسلحہ پھینکا اور اسپتال میں علاج کے لیے خود کو عام شہری ظاہر کیا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کے فنگر پرنٹس حاصل کیے تو اصل شناخت اور کرمنل ریکارڈ سامنے آ گیا، ملزمان نے اسپتال پہنچ کر فائرنگ کا مقام اور اپنی شناخت بھی غلط بتائی تھی۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز زمان ٹاؤن میں جس دوران یہ واقعہ پیش آیا دونوں ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، ملزمان کی نشاندہی پر اسلحہ، چھینی ہوئی موٹرسائیکل اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے ہیں ۔