آج ڈٹ کے ناشتا کریں

November 29, 2020

یک سانیت سے جلد اُکتا جانا انسانی فطرت میں شامل ہے اور بچّے تو بچّے، بڑے بھی ہر روز ایک جیسا ناشتا کرکے تنگ آجاتے ہیں، تو کیوں ناں آج آپ کو ذرا منفرد انداز کے کچھ آملیٹ کی تراکیب بتا دی جائیں، تاکہ وقتاً فوقتاً آزماتی رہیں۔

اسپینش آملیٹ

اجزاء:انڈے تین عدد، چکن(بریسٹ پیس)ایک عدد،آلو دو عدد، پیاز دو عدد، میدہ حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ (پِسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، موزریلا چیز(کدّوکش کرلیں)آدھی پیالی، ہری مرچ (باریک کاٹ لیں)دو عدد، ہرا دھنیا (پتے دھو کر کاٹ لیں)حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب:آلو اور پیاز کاٹ کر باریک چوپ کرلیں۔پھر ایک پین میں تیل گرم کرکے چوپ کیا ہوا آمیزہ ہلکا سا فرائی کرکے اس میں نمک اور آدھا چائے کا چمچ کالی مرچ چِھڑک کر ہلکی آنچ پر ڈھک کر اتنی دیر پکنے دیں کہ آلو گل جائیں۔ اب ایک باؤل میں چکن کے پارچے کاٹ کر اس میں نمک، سرکہ اور سویا ساس ڈال کر20منٹ کے لیے رکھ دیں۔اس دوران انڈے پھینٹ کر اس میں نمک اور کالی مرچ شامل کریں اور چوپ کیا ہوا آمیزہ ، ہری مرچیں اور ہرا دھنیا شامل کرکے رکھ دیں۔

اب پین میں تیل گرم کرکے چکن کے پارچے ہلکا سا میدہ چِھڑک کر فرائی کرکے الگ رکھ دیں۔پھرایک الگ پین میں تیل گرم کرکے پھینٹے ہوئے انڈوں کا آدھا آمیزہ پھیلا کر درمیانی آنچ پر فرائی کرلیں، جب آملیٹ ہلکا سا سُنہری ہونے لگے، تو اس میں چکن اور چیز ڈالیں۔ اوپر سے انڈوں کا باقی آمیزہ پھیلا کرڈھکن سے ڈھک کر اچھی طرح پکنے دیں۔جب آملیٹ کی ایک سائیڈ سُنہری ہوجائے تو پلٹ کر دوسری طرف سےبھی پکا کرپلیٹ میں نکال لیں۔

پران آملیٹ

اجزاء:انڈے تین عدد، جھینگے ایک پاؤ، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن(چوپ کرلیں)آدھا چائے کا چمچ، ہری پیاز(باریک کاٹ لیں)دو عدد،لال مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،کالی مرچ (پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، بریڈ کرمبز دو کھانے کے چمچ، ہرادھنیا حسبِ ضرورت، ہری مرچیں حسب منشاء اور تیل۔

ترکیب:ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں جھینگے، لہسن، نمک، لال مرچ اور ہلدی ڈال کر دو سے تین منٹ تیز آنچ پر فرائی کرکے نکال لیں۔اب انڈے پھینٹ کر اس میں ہری پیاز، نمک، کالی مرچ، ہرادھنیا اور ہری مرچیں شامل کردیں۔بعد ازاں اس میں جھینگے اور بریڈ کرمبز ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے اس کے دو حصّے کرلیں۔ اس کے بعد پین میں تیل گرم کرکے سُنہری فرائی کرلیں۔

سوئیٹ بنانا ایگ آملیٹ

اجزاء: کیلے(گول سلائس کاٹ لیں)دو عدد، انڈے دو عدد، شہد دو کھانے کے چمچ، میدہ دو کھانے کے چمچ،چینی(پِسی ہوئی)دو کھانے کے چمچ، دودھ دوکھانے کے چمچ، الائچی (پِسی ہوئی)چار دانے اور تیل۔

ترکیب:ایک پیالے میں کیلوں کے سوا تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب پین میں تیل گرم کرکے اُس میں ایک بڑے چمچ کی مدد سے یہ آمیزہ پھیلا دیں، جب ایک طرف سے آملیٹ سُنہرا ہوجائے، تو پلٹ کر دوسری طرف سے بھی سُنہرا کرلیں۔ اس کے بعد پلیٹ میں نکال کر اوپر کیلے کے سلائس رکھ کر فولڈ کرلیں۔ (عاتکہ بانو، کراچی)