سندھ کے روایتی پکوان

November 25, 2020

سندھی مٹن بریانی

اس کا شمار بھی سندھ کی روایتی خوراک میں ہوتا ہےجو دیگر شہروں میں بھی معروف ہے۔ اس کے بنانے کی ترکیب :،ڈیڑھ کلو(ران کا گوشت)،باسمتی چاول تین مگ،آلو درمیانے، پانچ عدد،تیل آٹھ سے ،پیاز دو عدد، بڑی کٹی ہوئی،ادرک اور لہسن چار چائےکا چمچ، پسے ہوئے،ٹماٹر پانچ سے چھ،آلو بخارےبارہ سے چودہ عدد،نمک حسب ذائقہ،لال مرچ پاؤڈر تین سے چار چائےکے چمچ، لونگ بارہ سے چودہ عدد، چھوٹی الائچی دس عدد،کالی مرچ بارہ سے چودہ عدد،زیرہ دو چائےکے چمچ،دارچینی دو ٹکڑے،بڑی الائچی پانچ عدد،تیز پات پانچ سے چھ عدد،کھٹا دہی آدھا کلو،ہری مرچ چھ سے آٹھ عدد،ہرا دھنیہ آدھی گٹھی ،پودینہ دس سے بارہ پتے،کھانے کا رنگ ایک چٹکی۔

چاول اُبالنے کے لیے:نمک حسب ذائقہ،تیز پات چار عدد،دار چینی چار ٹکڑے،بڑی الائچی تین عدد،کالی مرچ ایک چوتھائی چمچ،لونگ ایک چوتھائی چمچ ۔

ترکیب:تیل گرم کرکے کٹی ہوئی پیاز سنہرا ہونے تک تل لیں، اس میں سے تین یا چار کھانے کے چمچ گارنش کے لیےعلیحدہ کرلیں۔ پیاز میں ادرک لہسن، ٹماٹر، آلو بخارے، نمک، لال مرچ، تیز پات، زیرہ اور ثابت گرم مسالا شامل کرکے،پانچ سے دس منٹ فرائی کریں، مسلسل چمچ چلاتی رہیں، ساتھ ہی دہی، گوشت اور پانی بھی شامل کردیں۔

جب گوشت تین چوتھائی گل جائےتو اس میں چھلے ہوئےآلو بھی ڈال دیں، پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں یا جب تک گوشت اور آلو گل نہ جائیںتب تک پکاتی رہیں۔ ہرے مسالےشامل کریں اور تیز آنچ پر بھونیں، بریانی کا قورمہ تیار ہے ایک طرف رکھ دیں۔ایک الگ پتیلی میں پانی اُبالیں ، اس میں ثابت گرم مسالا اور تیز پات ڈال دیں۔ پانی ابل جانے پر اس میں پہلے سے بھگوئے ہوئے چاول ڈال دیں اور ایک کنی رہ جانے تک ابالیں، چاول پوری طرح دم کے دوران تیار ہوںگے۔

اب چاولوں سے پانی چھان لیں، دیگچی میں چاولوں کی پہلی تہہ بچھائیں اس پر بریانی کے قورمہ کی تہہ بچھائیں اوپر سے چاولوں کی ایک اور تہہ لگا دیں۔اوپر سے تلی ہوئی پیاز، کھانے کا رنگ، پودینہ، دھنیہ اور ہری مرچ ڈال کرر ڈھکن سے بند کردیں۔پانچ منٹ تک تیز آنچ پر پھر پندرہ منٹ دھیمی آنچ پر دم پر رکھیں پھر دس منٹ انتظار کریں اور مکس کر کے کھانے کے لیےپیش کریں۔

سندھی ہانڈی کباب

’قیمہ آدھا کلو،ڈبل روٹی کے سلائس دو عدد،نمک حسب ذائقہ،انڈا ایک عدد،کالی مرچ ایک چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی،لال مرچ دو چائے کے چمچ ﴿کُٹی ہوئی،تیل ایک پیالی،ٹماٹر آدھا کلو باریک کٹے ہوئے،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،زیرہ ایک چائے کا چمچ ﴿بُھنا اور پسا ہوا،ہری مرچ دو عدد ﴿کچلی ہوئی،لیموں دو عدد،ہری مرچ دو عدد ﴿باریک کٹی ہوئی،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،ادرک تھوڑا سا ،کٹا ہوا،ادرک ایک کھانے کا چمچ ﴿باریک کٹی ہوئی۔

ترکیب: ایک پیالے میں قیمہ اور ڈبل روٹی کے سلائس ملاکر چوپر میں پیس لیں،اب اس میں انڈا، نمک، کالی مرچ اور ایک چائے کا چمچ لال مرچ ملاکر چھوٹے کباب بنالیں،پھر فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے کبابوں کو شیلو فرائی کرلیں،اس کے بعد ایک دیگچی میں ٹماٹر، ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچ لال مرچ، زیرہ، کچلی ہوئی ہری مرچ اور تیل ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں،جب پانی خشک ہونے لگے تو ہلکا سا بھون کر تلے ہوئے کباب ڈال دیں۔اوپر سے لیموں کا رس، کٹی ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔مزے دارسندھی ہانڈی کباب تیار ہیں۔

سندھی بھت

چاول ایک کلو،پیاز ایک کلو،مٹر ایک کلو،گوشت ایک کلو،گاجر آدھا کلو،ٹماٹر ایک کلو،دار چینی ایک ٹکڑا،لونگ چھ عدد،لال مرچ، نمک حسب ذائقہ،گھی ڈیڑھ پاؤ،سیاہ زیرہ ایک چائے کا چمچ،ہری مرچ دس عدد،بڑی الائچی دو عدد

ترکیب:سب سے پہلے پیاز، گاجر کو کاٹ لیں اور ٹماٹر کے چار چار ٹکڑے کاٹ لیں،پھر گرم گھی میں پیاز کو بادامی رنگ آنے تک تل لیں، گوشت میں نمک، مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں،اس کے بعد اس میں تمام مسالے شامل کرکے اتنا پانی ڈالیں، جس میں گوشت اچھی طرح گل جائے،جب پانی خشک ہو جائے اور گوشت گل جائے تو گاجر، ٹماٹر، مٹر اور ہری مرچ ڈال دیں اور چمچ ہلاتی رہیں،اس کے بعد بھگوئے ہوئے چاول ڈال دیں اور انہیںچند منٹ تک بھونتی رہیں،کوشش کر یں کہ چاول ٹوٹیں نہیں،پھر اس میں اتنا پانی ڈالیں کہ جس میں چاول گل جائیں،جب پانی خشک ہو جائے تو دس، پندرہ منٹ تک دم پر رکھ دیں،دم کے بعد گرم گرم نوش فرمائیں۔