کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

November 25, 2020


کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں بونداباندی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔

شہر قائد میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرق سے ہواؤں کی رفتار 18 سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ پر بوندا باندی، بلدیہ ٹاؤن، ملیر ہالٹ میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

گلزارِ ہجری، گلستان جوہر، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، گلشنِ جمال، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، ملیر، قائد آباد میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، نیو کراچی، فیڈرل بی ایریا اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی ہلکی بارش جاری ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بوندا باندی، ہلکی بارش وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 نومبر کو کراچی میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 45 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت بھی کم ہوسکتا ہے۔