کورونا وائرس سے پہلے معیشت بہتری کی طرف گامزن تھی، حفیظ شیخ

November 25, 2020

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پہلے تمام بنیادی معاشی اشاریے نمایاں بہتری کی طرف گامزن تھے۔

ورلڈ اکنامک فورم کے کنٹری اسٹریٹجی ڈائیلاگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو 2018ء میں انتہائی غیر یقینی معاشی صورتحال ورثے میں ملی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، محصولات اور وصولیوں میں اضافے سمیت سخت مالی نظم و ضبط لانا پڑا۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ درآمدات کی حوصلہ شکنی کے نتیجے میں مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پہلے تمام بنیادی معاشی اشاریے نمایاں بہتری کی طرف گامزن تھے، حکومت نے معیشت فعال رکھنے، بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘متعارف کرایا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ نے یہ بھی کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعےکمزور کاروباری طبقے کیلئے محدود پیمانے پر کام جاری رکھنےکی اجازت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجرز کے لیے حکومت پاکستان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا، جس کے تحت 15 ملین خاندانوں کو نقد ادائیگی کی گئی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو ترقی کے انجن کی حیثیت سے مکمل سپورٹ کرتی ہے، موجودہ قیادت غیرملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت شفافیت، احتساب اور آسان رسائی پر یقین رکھتی ہے۔