ورلڈ بینک کا پاکستان کے ساتھ 19 کروڑ 85 لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا معاہدہ

November 25, 2020

ورلڈ بینک پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں کورونا رسپانس اینڈ ریکوری پروگرام کے لئے 19 اعشاریہ 85 ملین ڈالر دے گا۔

اسلام آباد میں ورلڈ بینک کے ساتھ 19 کروڑ 85 لاکھ امریکی ڈالر کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار تقریب میں موجود تھے۔

منصوبے کا مقصد تعلیم کے شعبے میں وفاقی اور صوبائی اقدامات کو مزید تقویت دینا اور ان کی تائید کرنا ہے۔

اس معاہدے میں مختصر مدت میں کورونا بحران پر جوابی حکمت عملی اور بحالی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

سیکرٹری وزارت اقتصادی امور نور احمد اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے معاہدے پر دستخط کئے۔

وزیراقتصادی امور خسرو بختیار نے پاکستان کو مسلسل مدد فراہم کرنے پر عالمی بینک کنٹری مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے ترجیحی ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے حکومت پاکستان کو مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔