موسم سرما میں خشک کھانسی سے کیسے جان چھڑائیں؟

November 26, 2020

موسمِ سرما کی آمد آمد ہے اور ہر گھر میں ہر عمر کا فرد خشک کھانسی کے سبب گلے میں خراشوں، بلغمی کھانسی، نزلہ ، زکام اور بخار میں مبتلا نظر آ رہا ہے، خشک موسم میں سب سے تکلیف دہ شکایت کھانسی کی ہوتی ہے جس سے ہر کوئی جَلد از جَلد جان چھڑانا چاہتا ہے۔

خشک کھانسی کے علاج سے قبل اس کی وجوہات اور پھر علاج جاننا ضروری ہے، ماہرین کے مطابق خشک کھانسی عام طور پر وائرل ہوتی ہے، یہ کھانسی موسم کے بدلنے کے دوران متاثر کرتی ہے جبکہ اس کی دیگر وجوہات خشک ہوا میں سانس لینا، نزلہ اور زکام یا کسی قسم کی الرجی جیسے کے ڈسٹ الرجی بھی ہوسکتی ہے۔

موسم سرما میں خشک ہواؤں کے سبب گلے میں آنے والی خراشیں اور کھانسی سے نجات کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہوتی ہیں جن میں سیرپ اور گولیوں وغیرہ کا استعمال شامل ہے، ان ادویات سے افاقہ چند ہی افراد کو ہوتا ہے۔

خشک کھانسی باقی شکایات کے مقابلے میں سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہے، اس کے نتیجے میں کمر اور پسلیوں میں بھی درد اُٹھنے لگتا ہے جبکہ کھانسی کی شدت کے سبب سر درد عام بات ہے۔

اس موسم سرما میں خشک کھانسی سے پریشان ہونے کے بجائے مندرجہ ذیل تجویز کیے گئے آسان طریقوں کو اپنا کر اس کا علاج گھر میں ہی کیا جا سکتا ہے۔

خشک کھانسی کے علاج کے لیے نہایت آسان گھریلو ٹوٹکے

خشک کھانسی پر قابو پانے اور گلے کی خراشوں میں آرام کے لیے نمک ملے نیم گرم پانی سے غرارے کرنا بے حد معاون ثابت ہوتا ہے، نیم گرم پانی میں ڈسپرین بھی ملائی جا سکتی ہے، یہ عمل دن میں تین سے چار بار ضرور دہرائیں۔

اُبلتے پانی سے بھاپ لینا بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، رات سونے سے قبل بھاپ ضرور لیں۔

خشک کھانسی سے نجات کے لیے بار بار اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، نیم گرم مشروبات کا استعمال کرتے رہیں۔

ہر گھر کے کچن میں موجود گرم مسالہ جات میں اینٹی انفلامینٹری اور اینٹی سیپٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کہ گلے کی خراشوں اور کھانسی میں معاون ثابت ہوتے ہیں، ان گرم مسالہ جات کو چائے کے ذریعے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ دن میں 3 بار دو چمچ شہد میں چار دانے پسی ہوئی کالی مرچ ملا کر چاٹیں، تاکہ گلے کی خراشوں میں شہد آرام پہنچا سکے۔

ایک پیالی انگور کا رس لیں اور اب اس میں ایک چمچ شہد مال کر پئیں، یہ کھانسی کا موثر ترین علاج قرار دیا جاتا ہے۔

باداموں کی چھ سات گریاں رات میں پانی میں بھگو دیں، صبح چھلکا اتار کر چینی اور مکھن کے ساتھ پیس لیں اور اس مرکب کو کھا لیں، یہ خشک کھانسی کے لیے آزمودہ نسخہ ہے۔

تھوڑی سی مقدار میں ملٹھی کھا لیں، اس سے کھانسی کافی حد تک کم ہوجائے گی۔

کچا امرود کھانے سے بھی خشک کھانسی میں آرام آتا ہے، کچے امرود کو چولہے پر بھون کر نمک لگا کر کھا لیں۔


لیموں چوسنے سے کھانسی میں بہت تیزی سے آرام آتا ہے، لیموں کا ایک چوتھائی حصہ لیں، اس پر نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ چھڑکیں اور چوس لیں، اس سے کھانسی کو فوری ریلیف ملے گا۔

کھانسی میں آرام کے لیے ایک مقبول ترین اور عام سا گھریلو نسخہ یہ ہے کہ ایک کپ گرم دودھ میں ایک سے دو چمچ شہد کے ملائیں اور گرم گرم دودھ پی لیں، خشک کھانسی میں افاقہ ہوگا۔