کرا چی قونصل خانہ جاپان میں ’جاپان فیسٹ‘ کامیابی سے جاری

November 27, 2020

قونصل خانہ جاپان کراچی کی جانب سے منعقد کیے جانے والا جاپان فیسٹ کامیابی سے جاری ہے، چار روز تک جاری رہنے والا جاپان فیسٹ آن لائن سوشل میڈیا کے زریعے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقیم جاپانی کلچر اور جاپان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔

چار روزہ جاپان فیسٹ کو خوبصورت اور دلچسپ انداز میں کراچی میں تعینات جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل کاتسونوری اشیدا اور پاکستانی نژاد جاپانی خاتون میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، چار روزہ جاپان فیسٹ کا آج آخری دن ہے۔

گزشتہ تین روز میں جاپان کے حوالے سے انتہائی دلچسپ اور معلوماتی پروگرام پیش کیے گئے ہیں، جاپان فیسٹ کے پہلے روز کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے بھی جاپان فیسٹ کے لیے خصوصی پیغام دیا ہے جس میں انہوں نے اپنی ملازمت کے ابتدائی دنوں میں دورہ جاپان کی یادوں کا بھی تذکرہ کیا۔

پہلے دن کے پروگرام میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل کاتسونوری اشیدا جو نہ صرف جاپانی اور پاکستانی گانوں کے لیے بہت معروف ہیں بلکہ جاپانی کھانا بنانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے انتہائی دلچسپ انداز میں جاپان کی عالمی شہرت یافتہ ڈش سوشی بنانے کی ترکیب بھی ناظرین کو بتائی، جاپان فیسٹ کے دوسرے دن جاپان کا مشہور آرٹ پھولوں سے تیار کیا جانے والا اکے بانا کے حوالے سے بھی خوبصورت پروگرام پیش کیا گیا، کاغزوں سے تیار کیے جانے والے اریگامی آرٹ کے حوالے سے بھی پروگرام نشر کیا گیا۔

جاپانی اسکالر شپ پر جاپان جانے والے پاکستانی طلبہ کے جاپان میں کورنٹائن کے دنوں میں تیار کی جانے والی دلچسپ رپورٹ بھی ناظرین کو پیش کی گئی جبکہ پاکستان جاپان لٹریجر فورم کے زیر اہتمام جاپانی لٹریجر کے حوالے سے خصوصی پروگرام ٹیل آف گانجی بھی پیش کیا گیا ، ۔

جاپان فیسٹ کے تیسرے روز جاپان کے معروف ٹیمپل میجی جنگو پر بنی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی، جاپانی اسکالر شپ پروگرام میکسٹ پر جاپان کے تاریخی شہر کیوتو جانے والے طلبہ کی جانب سے بھی ایک رپورٹ تیسرے دن کے پروگرام میں شامل کی گئی۔

جاپانی حکومت کی جانب سے پاکستان میں نچلی سطع پر ترقی کے حوالے سے امدادی پروگرام پر ایک جامع رپورٹ تیسرے دن کے پروگراموں کا حصہ تھی، جاپان فیسٹ کے آخری روز درختوں کی باتیں خواجہ مظہر کے ساتھ پروگرام پیش کیا جائے گا جبکہ جاپان کی زندگی کے حوالے سے ایک دستاویزی رپورٹ بھی چوتھے دن کا حصہ ہوگی۔

جاپانی موسیقی اور خوبصورت پرفارمنس بھی چوتھے روز کے پروگرام کا حصہ ہوگی۔

جاپان فیسٹ کو سوشل میڈیا اور آن لائن منعقد کرنے کی اہم وجہ کوروناوائرس کی وبا ہے جس کے سبب زیادہ لوگوں کو ایک جگہ یکجہ ہونے سے روکنا ہے لیکن اس فیسٹ کا فائدہ یہ ہوا کہ نہ صرف کراچی کے عوام بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاپان فیسٹ کو دیکھا جارہا ہے اور اس کے پروگراموں کو پسند کیا جارہا ہے۔

جاپان کے کلچر سے لوگ اور زیادہ واقفیت حاصل کررہے ہیں جس مقصد کے لیے یہ فیسٹ منعقد کیا گیا ہے، اس میں زبردست کامیابی حاصل ہورہی ہے، توقع ہے کہ جاپان فیسٹ کے انعقاد سے پاکستان اور جاپان کے عوام مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان حکومت اور عوامی سطع پر تعلقات میں اضافہ ہوگا۔