ماحولیاتی نمو نے پازیٹو آنے سے پولیو وائرس کا خطرہ بڑھ گیا‘ ڈپٹی کمشنر

November 28, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) چوتھی انسداد پولیو مہم 30نومبر تا 4دسمبر میں ڈرینج یونین کونسلز کیلئے بہترین مائیکرو پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ رواں سال کے زیادہ تر ماحولیاتی سیمپل پازیٹو آنے کے باعث پولیو وائرس کا خطرہ شدت اختیار کر چکا ہے۔ ایسے میں اس موذی وائرس سے لڑنے کیلئے قوت مدافعت کو بڑھانا ضروری ہے تاکہ کوئی بچہ اس کا شکار نہ ہونے پائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے ڈی سی آفس میں اجلاس کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مہم کے دوران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی محمد سہیل احمد چوہدری نے بتایا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم میں 8لاکھ 85ہزار بچوں کو قطرے پلوانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 240یوسی‘ ایم اوز اور 663ہزار ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ 2964موبائل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جس میں 307فکسڈ پوائنٹس جبکہ 129ٹرانزٹ ٹیمز کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔