چہان ڈیم کی رواں سال تکمیل یقینی بنائی جائے، کمشنر

November 28, 2020

راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے) چہان ڈیم پر 90فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے،ہدف کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ہی ڈیم کو مکمل کرکے فعال کیا جائے تاکہ اس کے منسلک علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ یہ بات کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے چہان ڈیم کے دورہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے ڈیم پر جاری کام کا معائنہ کیا اورڈیم کی کلوزنگ اور ڈائی ورژن چینلز بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ ڈیم کی تکمیل کے بعد چک جلال دین، گرجا، دھمیال، لکھن، دھاماں سیداں اور کلیال کے علاقوں میں پینے کا صاف پانی میسر آ سکے گا۔ مفاد عامہ کے اس اہم منصوبہ کی ہدف کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے ، کام کے معیار اور رفتار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا۔