موجودہ حکومت کو جنوری تک گھر بھیج کر دم لیں گے‘ نیئر بخاری

November 28, 2020

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی، اپنے رپورٹر سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سنیٹر سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ حقیقی سیاسی جماعتوں کے کارکن ہی پارٹی کے سیاسی وارث اور امین ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما سمیرا گل نے معرکہ پنڈی کتاب لکھ کر خواتین کارکنوں کا حوصلہ بلند کیا ۔ وہ گزشتہ روز پریس کلب میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ ضلع راولپنڈی کی صدر سمیرا گل کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سمیرا گل نے کہا کہ پاکستان میں ریاستی اختیارات عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کے ذریعے استعمال ہونے چاہئیں۔ عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جو سیٹیں چوری کی گئیں وہ ہر صورت واپس لی جائینگی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر راجہ اسرار عباسی‘ سینئر رہنما رشید میر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔دریں اثناء نیئر حسین بخاری نے پیپلز پارٹی تحصیل راولپنڈی کے پبلک سیکرٹریٹ کے افتتاح بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پسے ہوئے طبقے کے حقوق کی جنگ لڑی۔ موجودہ حکومت کو جنوری تک گھر بھیج کر دم لیں گے۔ اس موقع پر ملک عامر فدا پراچہ اور پیپلز پارٹی تحصیل راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری راجہ ساجد عمر نے بھی خطاب کیا۔