کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرایئرپورٹ روڈ کے 5ہوٹلز کو جرمانہ

November 28, 2020

کوئٹہ(خ ن)حفظان صحت کے اصولوں اور کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ایس او پی پر عمل نہ کرنے والے مراکز کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کے دوران ائیرپورٹ روڈ پر قائم پانچ معروف ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس سمیت کل سات اشیاء خوردونوش کے مراکز پر جرمانے عائد کر دیئے گئے۔بی ایف اے حکام نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جو بھی ہوٹل و کھانے پینے کے مراکز فوڈ سیفٹی اور کورونا وائرس سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل نہیں کر رہے ان کے خلاف بی ایف اے کی بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق کورونا کی جاری دوسری لہر کے دوران اگر ہم نے پہلے کی طرح کورونا سے بچاؤکے ضابطہ کار پر عمل کیا تو قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار اور معیشت کو بچانے میں کامیاب رہیں گے، تمام کھانے پینے کے مراکز خصوصاً ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس میں منتظمین ماسک کے استعمال سمیت کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔