کامیاب انٹر پرینیور بننے کے گُر

November 29, 2020

آجکل ملک میں نوجوانوں کی انٹرپرینیور بننے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میںحکومتی سطح پر بھی کئی اسکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں جن کے ذریعے انھیں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔ ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمے اور معاشی ترقی کی شرح بڑھانے کے لیے ضروری ہےکہ انٹرپرینورشپ کے رجحان کو فروغ دیا جائے۔

اگر ہم اپنے دوست ملک چین کو دیکھیں تو وہاں بھی نوجوانوں کی انٹرپرینیور بننے کی کافی حوصلہ افزائی کی گئی، جس کے نتیجے میں آج وہاں کئی کمپنیوں کے انٹرپرینیورز نوجوان ہیں۔ انٹرپرینیورشپ کو کسی بھی قوم کا اثاثہ کہا جاسکتا ہے، جس میں ترقی کی کوئی حد مقرر نہیں، محض محنت ، لگن ،سوچ اور جذبہ آپ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ انٹرپرینیوربننے کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ و طالبات میں وہ صلاحیتیں پیدا کی جائیں، جو ایک کامیاب انٹرپرینیور کے لیے درکار ہیں۔ذیل میں ان ضروری صلاحیتوں کے چیدہ نکات درج ہیں ۔

پیسے کا انتظام وانصرام

کامیاب انٹرپرینیور بننے کے لیےآپ کے اندر پیسے کے انتظام وانصرام (منی مینجمنٹ) کی صلاحیت کا ہونا بے حد ضروری ہے۔ جو لوگ منی مینجمنٹ نہیں کرسکتے تو ان کے لیے کسی بھی کاروبار کو چلانا نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔ انٹرپرینیور کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہر ماہ کتنا پیسہ آتا ہے اور کہاں کہاں کتنا خرچ ہوتا ہے۔ غرض یہ کہ بجٹ ، بچت اور اخراجات کا انتظام وانصرام کامیاب انٹرپرینیورشپ کے لیے بے حد ضروری ہے۔

آمدنی بڑھانے کی صلاحیت

کامیاب انٹرپرینیور بننے کے لیے آمدنی میں اضافہ کرنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ بطور انٹرپرینیور آپ کو ان عوامل کے بارے میںمعلوم ہونا چاہیے، جن کی بدولت دنیا بھر کے کامیاب کاروباری افراد نے کم سرمائے سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کے سرمائے میں اضافہ ہوتا چلاگیا۔

کچھ کرنے کا عزم

کاروباری ماہرین کی نظر میں ایک کامیاب انٹرپرینیور کیلئے کچھ کرنے کا جذبے اور عزم بنیادی اہمیت کا حامل ہے جبکہ پیسہ، افرادی قوت، مہارت، تعلیم، وغیرہ بطور ٹولز استعمال ہوتے ہیں۔ اگر آپ کے اندر کامیابی کے لیے درکار جذبہ موجود نہیں تو سرمایہ، تعلیم، مہارت اور افرادی قوت ہونے کے باوجود بھی آپ کامیاب نہیں ہوسکتے۔

اسٹریس مینجمنٹ

ذہنی دباؤ (اسٹریس) ایک فطری عمل ہے، جس سے کوئی بھی شخص بچ نہیں پاتا لیکن اصل کامیابی اسٹریس مینجمنٹ کی صورت حاصل ہوتی ہے۔ جو افراد ذہنی دباؤ سے نمٹنا جانتے ہیں وہ کامیاب انٹرپرینیورشپ کی صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں۔ ماہرین کی رائے کے مطابق ذہنی دباؤ کی وجہ سے اکثر کاروبار تباہ ہوجاتے ہیں۔

اس لیے کاروبار میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس میں آنے والے اتارچڑھاؤ اورنفع نقصان کے حوالے سے اپنائی جانے والی بہتر حکمت عملی سے آگاہ ہوں۔ اس کے ساتھ ہی مستقل مزاج ہونا بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ کاروبار کو ترقی دینے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے یہ بنیادی عوامل میں سے ایک ہے۔

پیداواری صلاحیت بڑھانا

پیداواری صلاحیت میں اضافہ ایک وسیع مضمون ہے۔ تاہم، ایک کامیاب کاروباری شخص یہ جانتا ہے کہ ضرورت کے مطابق اسے کیسے اپنی پیداوار بڑھانی ہے۔ ایک کامیاب انٹرپرینیور اپنے کاروباری فیصلوں اور حکمت عملی میں اس بات کا خاص خیال رکھتا ہے کہ ایسی مصنوعات تیار کی جائیں، جو صارفین کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔

خامیوں اور خوبیوں کی پہچان

ایک کامیاب کاروباری شخصیت بننے کے لیے آپ کواپنی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں لازمی آگاہ ہونا چاہیے۔ آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کی کیا کیا خاص صلاحیتیں جن سے آپ کے کاروبار کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور ٹیم کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ساتھ ہی آپ کو اپنی کمزوریوں پر بھی قابو پانا ہوگا تاکہ ان کا اثر آپ کے کاروبار پر نہ پڑے۔

تبدیلی قبول کرنا

اگر آپ ایک کامیاب انٹرپرینیور بننا چاہتے ہیں تو آپ کو وقت کے ساتھ ساتھ ہونے والی تبدیلوں کو قبول کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ تبدیلی قبول کرنا کسی بھی شخص کے لیے مشکل کام ہوتا ہے مگر آج دنیا جس رفتار سے ترقی کررہی ہے اور ٹیکنالوجی میں آئے روز جدت آتی جارہی ہے، ایسے میں تبدیلیوں کو فوری اپناکر آپ کامیابی کی سیڑھی چڑھتے چلے جائیں گے۔ یہ وہ صلاحیت ہے، جو ہر قدم پر حائل رکاوٹوں کو عبور کرنے میں آپ کے لیے زادِ سفر ہوتی ہے۔

ناکامی کو کامیابی میں بدلنا

یہ ممکن نہیں کہ کاروبار میں آپ صرف کامیابیاں ہی سمیٹیں۔ کامیابی اور ناکامی کسی بھی کاروبار کا خاصہ ہیں لیکن اہمیت اس بات کی ہے کہ بطور انٹرپرینیور آپ اس کو کس طرح لیتے ہیں۔ کسی بھی کامیاب انسان کی بائیوگرافی پڑھ لیں، آپ کو ان کی کامیابی کے پیچھے ناکامی بھی نظر آئے گی۔ لہٰذا، ناکامیوں سے گھبرانے کے بجائے ان سے لڑنا سیکھیں۔

ایک اور اہم بات یہ کہ اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنا سیکھیں، ’اس سے آپ کسی کی نظر میں چھوٹے نہیں ہوجاتے۔ کامیاب انٹرپرینیورز کو کیرئیر سمیت زندگی میں اونچ نیچ کا سامنا رہتا ہے مگر وہ ہمیشہ ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اوراس کا ملبہ دوسروں پر نہیں ڈالتے۔