مختلف تعمیراتی مواد سے گھروں کی تعمیر

November 29, 2020

بہت سے لوگوں کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد اپنا گھر بنانا ہوتا ہے، تاہم مالی استطاعت کے مطابق گھر ڈھونڈنا بعض اوقات کافی مشکل ہوجاتا ہے۔ اپنے گھر کا خواب سب ہی دیکھتے ہیں کیونکہ کوئی بھی ساری زندگی کرائے پر نہیں رہنا چاہتا۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ہر کچھ سال بعد کرائے کا گھر تبدیل کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری وجہ یہ کہ کرائے کا پیسہ سرمایہ کاری میں نہیں جاتا۔

یہ حقیقت ہے کہ آپ کوئی بڑا سا اپارٹمنٹ، گھر یا متعدد خواب گاہوں والا محل نہیں خرید سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ اب گھروں کی تعمیر جدید بنیادوں پر اور خریداروں کی ضروریات کے مطابق کی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں بھی کم لاگت والے گھروں کے لیے مختلف تعمیراتی مواد استعمال کیے جارہے ہیں، لہٰذا آپ کو بھی چاہیے کہ متبادل آپشنز پر غور کرنا شروع کردیں اور گھر کی ملکیت کا خواب حقیقت بنانے کی نئی راہیں تلاش کریں۔

اس حوالے سے آج ہم آپ کے لیے خاص مشورے لائے ہیں، جو ذاتی گھر تعمیر کرنے کی خواہش رکھنے والے لوگوںکے خوابوں کو تعبیر دے سکتے ہیں۔ ایسے افراد، جن کے پاس بجٹ محدود ہے اور وہ اسی میں اعلیٰ ذوق کاحامل گھر بنانا چاہتے ہیں، ان کے لیے کم قیمت دلکش گھروں کی تعمیر کے کچھ آئیڈیاز پیش کیے جارہے ہیں۔

لکڑی سے بنا گھر

لکڑی سے بنا گھر دکھنے میں نہایت حسین لگتا ہے جبکہ پائیداری کی وجہ سے بہت سے لوگ اسے پسند کرتے ہیں۔ اس کا انداز دیہی سے لے کر جدید اور سادہ بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ یہ مواد کسی بھی منصوبے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لکڑی کے گھر تعمیر کرنے کے لیے خاص درخت بھی لگائے جاتے ہیں۔

بانس سے بنا گھر

بانس وہ مادہ ہے، جسے سادی دنیا میں مختلف ڈیزائنز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ آجکل اسے رہائشی عمارتوں کی تعمیر میں کافی استعمال کیا جا رہا ہے۔ فرش، چھت، فرنیچر حتیٰ کہ بیرونی دیواروں میں بھی بانس کا استعمال دیکھا جاسکتا ہے۔

اینٹوں سے بنا گھر

اینٹیں گھر کو تازگی فراہم کرنے کے لیے بہترین مواد ہیں، یہ آواز کا راستہ بھی روکتی ہیں۔ آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ گھر کی تعمیر میںآپ دیہی انداز چاہتے ہیں یا دیواروں پر رنگ کروائیں گے۔

منفرد گھر

ایک منفرد طرز کا گھر بنانے کے لیے لکڑی کے ڈھانچے کے ساتھ ٹائلز استعمال کی جاتی ہیں۔ ایک حسین، سستا اور پائیدار ڈیزائن بنانے کے لیے اس کی دیواریں آپ کی پسند کے مواد سے بنائی جا سکتی ہیں ۔

پتھر اور بجری کا گھر

آپ بجری استعمال کرتے ہوئے گھر کا ڈھانچہ بنا سکتے ہیں، جس کے کنارے پتھر سے ڈھکے ہوں۔ اسے گھاس کی تہہ سے ڈھانپ کر ماحول دوست اور نہایت منفرد گھر بنایا جاسکتا ہے۔

پتھر سے بنا گھر

اگر آپ کو کوئی بھی ماڈل اچھا نہ لگے تو آپ پتھر کا گھر تعمیر کروا سکتے ہیں۔ایک فعال ڈیزائن ہوا دار مگر سادہ ہوتا ہے۔ پتھر کے گھر گرمیوں کے موسم میں اندر کے ماحول کو ٹھنڈا رکھتے ہیں اور سردیوں میں گرم۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پتھر بہت اچھا انسولیٹرتصور کیا جاتا ہے، جو باہر کے موسم کو جلد اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔

جدید اور منفرد

جدید بلاکس کا استعمال کرتے ہوئے فرش اور بالکونی بنوائی جاسکتی ہے۔ بلاکس سے بنا فرش ارد گرد کی قدرتی زمین کے ساتھ خوشگوار محسوس ہوتا ہے جبکہ سفید دیواروں اور شیشوں کے ساتھ بالکونی جدید انداز فراہم کرتی ہے۔

ایک خوبصورت گھر

تھوڑی سی زائد سرمایہ کاری سے ایک خوبصورت گھر کا خواب دیکھنا ممکن ہے۔ اس میں آپ کو تعمیراتی مواد کا ایک امتزاج پیش کرنا چاہیے۔ اس میں لکڑی کا استعمال کرکے دلکشی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی ایسے بلاکس جو گھر کا آرکیٹیکچرل مرکب بناتے ہیں، ان کا دانش مندانہ استعمال گھر کو مضبوطی فراہم کرتا ہے۔ عمودی طور پر بلاکس لگاکر مرکزی دروازے کے سامنے والا حصہ تیار کیا جاسکتا ہے۔ کمروں میں بڑی بڑی کھڑکیاں قدرتی روشنی اور ہوا کو گھر کے اندرلانے کا باعث بنتی ہیں۔

کھانے کے کمرے اور باورچی خانے میں فوری داخل ہونے کے لیے فعال ڈیزائننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ گھر میں روایتی دروازوں کے بجائے سلائیڈنگ دروازے بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھر میں باغبانی کے لیے عمودی باغیچہ بنایا جاسکتا ہے جو کنکریٹ سے بنی پوری دیوار تک پھیل جاتا ہے۔ اس طرح کا ڈیزائن ایک خوشگوار اور جدید گھر پیش کرتا ہے۔

اگر گھر کی چھت پر شمسی پینل لگا دیے جائیں تو آپ کو متبادل توانائی مل سکتی ہے، جس سے لوڈشیڈنگ کے دوران بجلی نہ ہونے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ بارش کے پانی کی نکاس کے لیے پرنالے لازمی بنائے جائیں، تاکہ گھر میں پانی جمع نہ ہو۔اقتصادی اور ماحولیاتی لحاظ سے جدید گھر آجکل ہر کوئی پسند کرتا ہے اور مستقبل کا ٹرینڈ بھی یہی نظر آتا ہے۔