رمیز راجہ کا بانو قدسیہ کے گھر کی ٹیوب لائٹس توڑنے کا اعتراف

November 28, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے افسانہ و ناول نگار بانو قدسیہ کی 92 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں یاد کرتے ہوئے ان کے گھر کی ٹیوب لائٹس توڑنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ گوگل نے آج ڈوڈل کے ذریعے بانو قدسیہ کو خراجِ تحسین پیش کر کے ایک انہیں ایک اعزاز بخشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب ہم بچپن میں کرکٹ کھیلتے ہوئے اُن کے گھر کی ٹیوب لائٹ توڑ دیتے تھے۔

سابق کرکٹر نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹیوب لائٹ کے ٹوٹنے کے بعد ہم سب خود کو ایک زبردست سی سرزنش کیلئے تیار رہتے تھے لیکن جواب میں ہمیں صرف گرمجوشی کی ایک نظر ملتی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ آگے سے وہ ہمیں ڈانٹنے کے بجائے پم سے پوچھتی تھیں کہ کیا ہم ٹھیک ہیں۔

خیال رہے کہ 28 نومبر 1928ء کو فیروز پور بھارت میں پیدا ہونے والی بانو قدسیہ کی آج 92 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، اسی مناسبت سے گوگل نے بانو قدسیہ سے منسوب اپنا ڈوڈل جاری کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔