لانڈھی، باڑوں میں آگ لگنے کے باعث 35 مویشی جل کر ہلاک

November 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لانڈھی میں جانوروں کے باڑوں میں آتشزدگی کے باعث متعددجانور جل کر ہلاک ہوگئے،جبکہ شیر شاہ میں پلاسٹک کے گودام میں آگ لگ گئی،تفصیلات کے مطابق لانڈھی نمبر ساڑھے تین عائشہ مسجد کے قریب واقع جانوروں کے باڑے سے متصل کچرا کنڈی میں آگ بھڑک اٹھی جس نے قریب واقع باڑے اور تیزی سے دیگر باڑوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا،آگ کے باعث باڑوں کے مالکان نے وہاں سے اپنے جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کردیا،فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا، ہوا کے باعث جانوروں کے لیے موجود بھوسے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی،فائر بریگیڈ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 48 باڑے آگ لگنے سے متاثر ہوئے اور اس میں موجود 35 جانور جن میں بھینسیں ، بکریاں اور دمبے سمیت دیگر جانور شامل ہیں جل کر ہلاک ہوگئے، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق مجموعی طور پر فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے کام کیا جبکہ پاکساتان نیوی سمیت دیگر اداروں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا،علاوہ ازیں شیری شاہ گلبائی کے قریب پلاسٹک کے کارخانے میں اچانک اگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 5 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا تاہم آگ لگنے کے باعث اسکے نیتجے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے ۔