پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو فارغ کرنا قابل مذمت ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

November 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن و ضلع ملیر کے امیر محمد اسلام نے اپنے مشترکہ بیان میں وفاقی حکومت اور پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے 4500سے زائد ملازمین کو جبری طور پر ملازمتوں سے فارغ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرنا انتہائی شرمناک اور افسوسناک عمل ہے،اس ادارے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار اور مستقبل وابستہ ہے،ان کے مستقبل کو تاریک اور روزگار سے محروم کرنا ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہے،جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم اسٹیل مل کے تمام ورکرز اور افسران کے ساتھ ہیں اور ان کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے،ان کا مقدمہ عدالتوں سے لے کر حکومت کے ایوانوں اور میدانِِ عمل میں لڑیں گے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اوروزیر منصوبہ بندی اسد عمر اقتدار میں آنے سے قبل تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بار بار یہ اعلان اور وعدے کر تے تھے کہ وہ اسٹیل مل کو بحال کریں گے۔