13ملزمان گرفتار‘ اسلحہ‘ موٹرسائیکل‘ شراب‘ چرس اور مضر صحت مین پوری برآمد

November 29, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد پولیس نے مختلف کاروائیوں میں 3اسٹریٹ کرمنل سمیت 13ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ‘ موٹرسائیکل‘ شراب کی بوتلیں‘ چرس اور مضر صحت مین پوری اوراس کا خام مال برآمدکرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ پولیس نے جمعرات کو دوران گشت پہنور لنک روڈ سے منشیات فروش سخاوت شاہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو سو گرام چرس برآمدکرلی ہے۔ ٹنڈویوسف پولیس نے دوران گشت 2ملزمان بشر خان اور برکت کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 11بوتل شراب برآمدکرلی ہے ۔ہٹڑی پولیس نے دوران گشت چانگ موڑ سے واردات کی نیت سے کھڑے 3اسٹریٹ کرمنل گلزار سولنگی‘ اصغرسولنگی اورذوالفقار کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک پستول اور 2ریوالور کے علاوہ ایک موٹرسائیکل بھی برآمدکرلی ہے۔ دوسری کارروائی میں ہٹڑی پولیس نے لنک روڈ نیوحیدرآباد سٹی کے قریب سے منشیات فروش تاج محمد کو ایک کلو 40گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ مارکیٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران لغاری گلی سے مین پوری ڈیلر عبدالرحمن کو گرفتار کر کے 20 کلو خام مال اور 2ہزار مین پوری برآمد کرلی ہیں۔