پی ڈی ایم زندگیوں سے کھیل رہی ہے، عثمان بزدار

November 29, 2020

لاہور (خبرایجنسی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کورونا کنٹرول کیلئے اقدامات کر رہی ہے اورپی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، منفی سیاست کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا،عوام کے تعاون سے کوروناکی حالیہ وباء پربھی قابو پائیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ مایوس کن ہے اور اپوزیشن ٹولہ محض اپنی سیاست چمکانے کے لئے خالی بیان بازی کر رہا ہے،ماضی کے حکمرانوں نے شعبہ صحت کو یکسر نظر انداز کیااور سابق ادوار میں صحت کے شعبے کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی،دکھی انسانیت کی خدمت محض بیانوں سے نہیں ہوتی بلکہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے،تحریک انصاف کی حکومت آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، حکومت ہراقدام عوام کے تحفظ کے لئے اٹھا رہی ہے ، منفی سیاست کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، حکومت کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔