ورکرزکنفیڈریشن کا اجلاس،سٹیل مل ملازمین کی برطرفی کی مذمت

November 29, 2020

لاہور (نیوزرپورٹر)آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن(رجسٹرڈ) کے ایک ہنگامی اجلاس منعقدہ بختیار لیبرہال لاہور میں حکومت پاکستان کی پاکستان سٹیل ملز کے 4544 ملازمین کو برطرف کرنے کے فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے معصوم کارکنوں اور اْن کے اہل خانہ کے لئے معاشی وسماجی موت قرار دیا ایک کارکن یہ خبر سن کر موت کا شکار بھی بن گیا ہے اجلاس کے شرکاء نے ایک قرار داد کے ذریعے وزیراعظم پاکستان کو یاد دلایا کہ اْنہوں نے کارکنوں سے اپنی انتخابی مہم میں اعلان کیا تھا کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد اس قومی سٹیل ملز کو کامیابی سے چلانے کا انتظام کریں گے جبکہ ملک کی سب سے بڑی سٹیل ملز کو چلانے کی بجائے بند کرکے نہ صرف کھربوں روپے ملکیت کی سب سے بڑی سٹیل ملز کو بند کیا جارہا ہے بلکہ ہزاروں محنت کشوں کے گھر وں کے چولہے بند کردیئے ہیں اجلاس میں وزیراعظم پاکستان سے پْرزور مطالبہ کیاگیا کہ وہ اس قومی سٹیل ملز کو اہل انتظامیہ اور احسن کارکردگی سے چلانے کا انتظام کریں بصورت دیگر ان کارکنوں کو یک لخت برطرف کرنے کی بجائے پی آئی اے ملازمین کی طرح خصوصی مالی مدد کا اعلان کرکے انہیں رضا مندی سے علیحدہ ہونے کا حق دیں اجلاس میں خورشیداحمد جنرل سیکرٹری، روبینہ جمیل صدر، اْسامہ طارق سیکرٹری، چوہدری محمد انور گجر، خوشی محمدکھوکھر،حسن منیر بھٹی، نیاز خان، نوشیر خان، محمد الیاس ودیگر نمائندگان کنفیڈریشن نے خطاب کیا-