جبری برطرفیوں کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے،جماعت اسلامی

November 29, 2020

لاہور(نیوزرپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی آئی اے، سرکاری ریڈیو کے بعد اسٹیل مل سے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنا عوام کے معاشی قتل کے متراد ف ہے۔ اداروں میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔حکمران اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے اداروں کی نجکاری کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مالیاتی خسارہ 484ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ایک طرف مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے ۔ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ مزدوروں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے اور نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ دوسری طرف رہی کسر حکومت نے روزگار چھین کر پوری کردی ہے۔ لوگوں کو اس حکومت نے مایوسی اور اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی امور چلانے میں وزیر اعظم اور ان کی ٹیم بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ فرسودہ نظام نے اشرافیہ کو مضبوط کیا ہے۔ جبکہ غرباء کے لیے ہر جگہ رکاوٹیں ہی رکاوٹیں ہیں۔ کوئی بھی جائز کام بغیر رشوت کے ممکن نہیں۔ نیچے سے اوپر تک نرخ مقرر ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے 22کاندانوں کے پاس 95فیصد دولت جمع ہوگئی ہے۔ پاکستان کے محنت کش، غریب اور مفلس عوام بنیادی حقوق سے محروم ہوگئے اور ان کی زندگی تلخ ہوگئی ہے۔ موجودہ حکمران مکمل طور پرناکام ہوچکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے عوام کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیا ہے آدھی درجن مافیاز کی حکومت سے ملک کا دیوالیہ نکلنے کا خطرہ ہے۔عمران خان کے حکومت کو ڈھائی سال گزر چکے مگر عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کاش حکومت کو ہاتھی جتنا پیار عوام سے بھی ہوتا مگر عوام کو پریشان حال چھوڑا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عوامی اور ملکی مسائل کا حل اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے بیسٹ آپشن جماعت اسلامی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور دوسری طرف اسٹیل مل،پی آئی اے اور ریلوے کے ملازمین کو برطرف کیا جارہا ہے۔قیصر شریف نے کہا کہ عمران خان کے یو ٹرنز کے بعد ڈپریشن ملک کی سب سے بڑی بیماری بن چکی ہے۔کل 29 نومبر کو ریسٹ ہاو س گراونڈ تیمرگرہ دیر پائیں میں جماعت اسلامی چوتھا بڑا عوامی جلسہ کرے گی۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نااہل اور ناکام حکمرانوں کے خلاف ملک بھر کے عوام کو منظم اور متحرک کرے گی۔ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے۔ غریب کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے اور غربت کے مارے عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ معیشت کابھٹہ بیٹھ گیاہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے اب تک 35 لاکھ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے۔انہوں نے کہا کہ اب اس نااہل ٹولہ کے واپس جانے میں ہی ملک اور قوم کا فائدہ ہے جب تک اس ٹولہ کی واپسی نہیں ہوتی جماعت اسلامی کی عوامی تحریک جاری رہے گی۔