ڈپٹی کمشنرکا پولیو ٹیموں کی ٹریننگ سیشن میں شرکت نہ کرنے پر اظہار برہمی ،رپورٹ طلب

November 29, 2020

لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کاٹھیا ، سی ای او ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ 30 نومبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پولیو ٹیموں کی ٹریننگ سیشن پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ کوآپریٹو محکمہ کی پولیو ٹیموں کی ٹریننگ سیشن میں شرکت نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنرلاہور مدثر ریاض نے سخت اظہار برہمی کا اظہار کیا اور کوآپریٹو محکمہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ تقریباً 19 لاکھ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور 5500 پولیو ٹیمیں پولیو مہم میں حصہ لیں گے۔ ٹرانزٹ ٹیمیں اور فکسڈ ٹیمیں بھی پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ یو سی ایم اوز اور 1045 ایریا انچارجز بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ گزشتہ مہم سے اس بار پولیو مہم کو بہترین انداز میں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل مقصد لاہور کو پولیو سے پاک کرنا ہے اور انوائر منٹ سیمپل کو نیگٹو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین پولیو مہم میں پوری دلجمعی کے ساتھ اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیو مہم کا 30 نومبر کو بھر پور آغاز کریں گے اور انسدادِ پولیو مہم 30 نومبر سے لیکر 04 دسمبر تک جاری رہے گی۔ پولیو مہم کا افتتاح اتوار کے روز کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے اس ضمن میں انتظامی افسران کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن کے اے ای اوز بھی پولیو ورکرز کی مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو مو ئثر اور کامیاب بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔