حکومت نے مصنوعی گرانی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف موثر اقدامات کئے ہیں،صوبائی وزیر زکوۃ و عشر

November 29, 2020

لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر زکوۃ و عشر پنجاب میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ حکومت نے مصنوعی گرانی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر اقدامات کئے ہیں۔ مارکیٹ مافیاز کی اجارہ داری پر مضبوط ہاتھ ڈالا گیا ہے تاکہ عوام کو لوٹنے والوں کا محاسبہ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس بہاول نگر کے کانفرنس روم میں پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شوکت علی لالیکا نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں چینی اور دیگر اشیاءکی قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئی ہیں۔ پرائس کنٹرول کے میکانزم پر موثر عمل درآمد اسی طرح جاری رہے گا۔ اجلاس میں اشیاءخورونوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت و دستیابی سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سہولت بازاروں میں کنٹرول ریٹ پر اشیاءکی فروخت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون، ڈی پی او قدوس بیگ، اے ڈی سی آر سیف اللہ ساجد، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین مگسی، جبکہ دیگر اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک اور مختلف محکموں کے افسران وانجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔