اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو بجلی کنکشن فراہم کا اجازت نامہ 24 گھنٹوں میں واپس

November 29, 2020

اسلام آباد( ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو بجلی کے نئے کنکشن کی فراہمی کیلئے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اسلام آباد کی طرف سے گزشتہ روز جاری ہونے والا خط اور اجازت نامہ24 گھنٹوں کے اندر ہی واپس لے لیا گیا۔ گزشتہ روز سپرنٹنڈنگ انجینئر سرکلر ایف8کی طرف سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں، آر ڈی اے ،سی ڈی اے اور یونین کونسل کے زیر اہتمام آنے والے علاقوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے لیٹر جاری کیا گیا جس سے ہزاروں مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی اور انہوں نے آن لائن درخواستیں بھی دینا شروع کر دی تھیں مگر گزشتہ روز سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے یہ خط واپس لے لیا ۔بتایا گیا کہ یہ خط کسی غلط فہمی کی بنا پر جاری ہوگیا تھا جس کو فوری طور پر واپس لے لیا جاتا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے وضاحت کرتے ہوئے جنگ کو بتایا کہ بجلی کی فراہمی کے لیے اب بھی آر ڈی اے، سی ڈی اے کی طرف سے لے آئوٹ پلان نقشہ اور یونین کونسل کی طرف سے این او سی کا ہونا ضروری ہے ،وہی ایس او پیز جاری رہیں گی تاہم جو خط ان علاقوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے جاری ہوا تھا وہ فوری طور پر واپس لےلیا گیا ۔ ادھر ان علاقوں کے ہزاروں مکینوں نے صورتحال پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ان علاقوں کے ساتھ مذاق اور محرومی میں اضافہ قرار دیا ہے۔