اشتہاری کی گرفتاری کیلئے چھاپہ ، فائرنگ سے زخمی ہونیوالا دم توڑگیا

November 29, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں قتل کیس کےاشتہاری مجرم کی گرفتاری کیلئے کیے گئے ریڈ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا ملزم دم توڑگیا۔ تھانہ نصیر آباد ،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ ائرپورٹ اورایلیٹ پولیس فورس نے ایس پی پوٹھوہاراوراے ایس پی کینٹ کی زیرنگرانی گذشتہ رات مشترکہ ریڈ کیا تھا۔ اس حوالے سےتھانہ ائرپورٹ میں ایس ایچ اوتھانہ نصیرآباد کامران جمشید نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ دیگرپولیس ملازمین کے ہمراہ ملزم ناصر خان کی نشاندہی پر گلریز 4 میں تنویر کی کوٹھی پہنچ کر ملزم کا فرار روکنے کے لئے کوٹھی کے اردگرد نفری لگا رہا تھا کہ ملزم قادر خان وغیرہ کو پولیس کی موجودگی کی آگاہی ہو گئی اور اس دوران کوٹھی کے اندر سے چاروں طرف سے کلاشنکوفوں اور پسٹلز سے فائرنگ شروع کر دی گئی جس پر فائرنگ کرنے والوں کو باآواز بلند بتایا گیا کہ ہم پولیس والے ہیں فائرنگ نہ کرو تاہم فائرنگ نہ رکی جس پر پولیس پارٹی نے ملزم قادر خان کےفرارکو کو روکنے کے لئے چھ سات ہوائی فائر کئے۔ اسی اثناء میں گلی میں بھاگتے ہوئےایک نوجوان محمد آکاش نعیم کوٹھی کے اندر والے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوکر گر پڑا جسے قابو کرکے اس کے ہاتھ میں پکڑا ہوا پسٹل بغیر روند قبضہ میں لیا گیا ۔ بعد ازاں 3 افراد خاور محمود ستی ، سرور مسعود، سید دانش بخاری نے کوٹھی کا مین گیٹ کھول کر گرفتاری پیش کی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم محمد آکاش نعیم کاپوسٹ مارٹم جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب کیاگیا۔