اسلحہ اور ہتھیار کے زور پر دلوں پر حکمرانی نہیں کی جاسکتی ،حامدموسوی

November 29, 2020

اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ ) کریمہ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ قم کا یوم شہادت یوم عزاکے طورپرمنایاگیا ۔ اس موقع پر مجالس عزاء ہوئیں اور تابوت کے جلوس برآمد کئے گئے۔ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ ظلم وجبر کاسرخم کرنے کیلئے اسوہ دخترامام موسیٰ کاظم کی عملی پیروی بہترین نمونہ عمل اورمشعل نورہے۔ انہوں نے باورکرایاکہ عالمی استعماراوراسکے پٹھو بھارت و اسرائیل عالمی وعلاقائی امن وسلامتی کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہیں ۔ازلی دشمن بھارت اسلام دشمنی کی جس روش پرعمل پیراہے اسکے پیش نظربھارتی چیرہ دستیوں ،گھنائونی سازشوں کے ہاتھوں علاقائی وعالمی امن وسلامتی کی تاراجی سامنے دکھائی دے رہی ہے جسے روکنے کیلئے تمام امن پسندقوتوں کومیدان میں آناہوگا۔ انہوں نے واضح کیاکہ بڑی طاقتیں ذہن نشین رکھیں کہ اسلحہ اور ہتھیار کے زور پرملکو ں اور جسمو ں کو تو فتح کیا جا سکتا ہے مگر دلوں پر حکمرانی کے لیے پاکیزہ اخلاق و کردار لازم ہے ۔ اسلام وہ عظیم ترین دین ہے جو جبر اور ظلم و بربریت کی مذمت کرتا ہے لہذا طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا قوتوں کو ہوش سے کام لینا چاہیئے اور اپنی تمام تر توانائیاں انسانیت کی فلاح پر صرف کرنی چاہیئں،اسی صورت میں دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔