قمر بھٹی کیساتھ پیش آنے والا واقعہ شرمناک ہے،مسیحی رہنما

November 29, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے مسیحی رہنماوں نےقمر بھٹی کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ اور شرمناک ویڈیو کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے ، اگر 48 گھنٹے میں واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے ، حکومت قمر بھٹی کو سیکورٹی فراہم کرے ۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سابق ایم این اے خلیل جارج ، جمعیت علما اسلام کے شہزاد کندن ، ناصر ایڈووکیٹ ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے انیل غوری ، جمہوری وطن پارٹی کی زیبا جاوید ، پی ٹی آئی کے مشرف مسیح و دیگر نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سود کا کاروبار کرنے والوں نے قمر بھٹی کی شرمناک ویڈیو بنائی جس پر اسے بلیک میل کرتے رہے ، گزشتہ دنوں ان کی ویڈیو وائرل کی گئی اس سے پہلے کبھی بلوچستان میں ایسا واقعہ رونما نہیں ہوا تھا ۔ بلوچستان کے قبائل اقلیت کی عزت کرتے ہیں مگر چند عناصر نے ایسی حرکت کی کہ جس سے بلوچستان اور پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی اور ہمسایہ ملک اس ویڈیو کو جواز بناکر پیش کررہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے شہری ہیں جس پر انہیں فخر ہے اور وہ ملک کی خاطر خاموش ہیں مگر ان کی خاموشی کمزوری نہ سمجھی جائے ۔انہوںنے کہا کہ مذکورہ واقعہ کے خلاف پوری مسیحی برادری ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز اقلیتی رکن و مشیر دنیش کمار اور ٹائٹس جانسن سے ملاقات ہوئی وہ بھی ہمارئے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے سیاسی رہنماؤں اور مذہبی شخصیات سمیت دیگر پر مشتمل کرسچن کونسل کے نام سے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مسیحی برادری کے مسائل کے جدوجہد کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کی وزیراعلی بلوچستان نے نوٹس لیا ہے امید ہے کہ جلد ہی ملزمان گرفتار ہوجائیں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ واقعہ میں 3مسیحی افراد بھی ملوث ہیں جنہوں نے بطور سہولت کار ملزمان کی مدد کی اور ایف آئی آر میں کل 5ملزمان نامزد ہیں جن میں سے ابھی تک کوئی ایک بھی گرفتار نہیں ہوسکا ہے ۔ حکومت فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکرقرار واقعی سزاد ے اورایک مثال قائم کرئے تاکہ آئندہ اس طرح کی شرمناک حرکت کرنے کا کسی کو جرات نہ ہو ۔