سیمی راحیل سرکاری ٹی وی پر برہم کیوں؟

November 29, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے پروگرام میں شرکت کا معاوضہ صرف 1400 روپے ادا کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے سیمی راحیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اُس چیک کی تصویر شیئر کی ہے جو سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے اداکارہ کو پروگرام میں شرکت کے معاوضے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔


سیمی راحیل کی جانب سے شیئر کیئے جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیک صرف 1400روپے کا ہے۔

سینئر اداکارہ نے چیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ چیک اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ریاست اپنے فنکاروں سے کس قدر محبت کرتی ہے۔‘

سیمی راحیل نے کہا کہ ’4 دہائیوں کے بعد بھی یہ عمل واقعی خوفناک اور پریشان کُن ہے۔‘

اسی حوالے سے سیمی راحیل نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ سرکاری ٹی وی چینل پر کام کیوں نہیں کرتی ہیں؟

سیمی راحیل نے کہا کہ ’ہمارا سرکاری ٹی وی پرائیویٹ ٹی وی چینلز سے مقابلے کرنے کا دعویٰ تو بہت کرتا ہے لیکن وہاں سینئر فنکاروں کے ساتھ جو سلوک کیا جاتا ہے اُس کا اندازہ آپ اس چیک کو دیکھ کر لگا سکتے ہیں۔‘

اُنہوں نےمزیدکہا کہ ’سرکاری ٹی وی صرف اپنے پسندیدہ فنکاروں کی ہی عزت کرتا ہے جبکہ باقی فنکاروں کے ساتھ میرے جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔‘

یاد رہے کہ سیمی راحیل نے یوم آزادی کی مناسب سےسرکاری ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں ان کے ساتھ سلمان شاہد بھی تھے جبکہ یہ پروگرام ’پی ٹی وی ورلڈ‘ سے نشر ہوا تھا۔