زائرہ وسیم نے الیگزینڈر ہیملٹن کا قول شیئر کر دیا

November 29, 2020

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر معروف امریکی مصنف اور اسکالر الیگزینڈر ہیملٹن کا قول شیئر کر کے مداحوں کے دل جیت لیئے۔

گزشتہ سال اسلام کی خاطر بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم اکثر سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام جاری کرتی نظر آتی ہیں جنہیں اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے۔

اب زائرہ وسیم نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں معروف امریکی مصنف اور اسکالر الیگزینڈر ہیملٹن کا مقبول ترین قول شیئر کیا ہے۔

زائرہ وسیم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر الیگزینڈر ہیملٹن کا قول کچھ یوں لکھا:

جو انسان کسی کے لیے کھڑا نہیں ہوسکتا ہے وہ ہر میدان میں اور ہر راستے میں گِرتا ہے

سابقہ بالی ووڈ اداکارہ کے اس معنی خیز ٹوئٹ کو پسند کرتے ہوئے ٹوئٹر صارفین جواب میں اُن کے لیے حمایتی پیغامات جاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی زائرہ وسیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کی پروفائل پکچر تبدیل کرکے حجاب پہنے ایک لڑکی کی تصویر لگائی ہے۔

زائرہ وسیم نے اب انسٹاگرام پروفائل پکچر میں ایک کارٹون لڑکی کی تصویر لگائی ہے جس نے حجاب پہنا ہوا ہے جبکہ اُس لڑکی کا چہرہ بھی نظر نہیں آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے گزشتہ سال مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا، زائرہ وسیم نے 2015ء میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔