یونس خان سے زیادہ محنتی شخص آج تک نہیں دیکھا، سرفراز احمد

November 29, 2020


ماضی کے عظیم بیٹسمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر نیوزی لینڈ میں موجود قومی کھلاڑیوں نے پیغامات کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ یونس خان سے زیادہ محنتی شخص آج تک نہیں دیکھا، یونس خان کی بہت سی اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھیں۔

شان مسعود نے کہا کہ یونس خان سے بہت متاثر ہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہوں کہ جب ڈیبیو کیا تو یونس خان ہماری ٹیم میں موجود تھے۔

اظہر علی نے کہا کہ یونس خان ایک عظیم رول ماڈل ہیں۔

نوجوان کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ یونس خان سے بہت کچھ سیکھا اور اب بھی سیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب فواد عالم نے کہا کہ امید ہے یونس خان سے سیکھنے کا عمل یونہی جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ 29 نومبر سال 1977ء میں مردان میں پیدا ہونے والے عظیم بلے باز یونس خان آج اپنی 43 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔