میں کتابیں پڑھنے کی بےحد شوقین ہوں، زرین خان

November 29, 2020

معروف بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل زرین خان کہتی ہیں کہ وہ کتابیں پڑھنے کی اس قدر شوقین ہیں کہ ایک ہی دن میں پوری کتاب ختم کر دیتی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زرین خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے شوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کتابیں پڑھنے کی بہت شوقین ہوں اور جب میں کوئی کتاب پڑھنا شروع کرتی ہوں تو ایک ہی دن میں اُسے مکمل پڑھ لیتی ہوں لیکن شرط یہ ہے کہ کتاب کا عنوان میری دلچسپی کے مطابق ہونا چاہیئے‘۔

زرین خان نے کہا کہ ’جو لوگ مجھے بےحد قریب سے جانتے ہیں وہ کتابوں کے بارے میں میرے شوق سے باخوبی واقف ہیں اور وہ مجھے ایک پڑھاکو انسان کہتے ہیں، اُنہیں معلوم ہے کہ میں کتابوں سے کتنی زیادہ محبت کرتی ہوں‘۔

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے واقعی میں صرف محبت کی کہانیاں اور ایسے ہی دیگر ناولوں نہیں بلکہ مختلف عنوانات پر مبنی کتابیں پڑھنا بہت اچھا لگتا ہے‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے فلسفے اور سائنس پر مشتمل کتابیں بھی پڑھیں ہیں لہٰذا یہ مختلف عنوانات ہیں جو مجھے بہت پسند ہیں‘۔

واضح رہے کہ زرین خان 14 مئی 1987ء کو بھارتی شہر ممبئی میں پیدا ہوئیں اور اپنے کریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا، اس کےبعد 2009ء میں فلم ’ویر‘ میں اداکار سلمان خان کی ہیروئن کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کی۔

بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ زرین خان کی مقبولیت کا ایک راز بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف سے مشابہت بھی ہے لیکن وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتیں۔