دوسرا ون ڈے: بھارت کو پھر شکست، آسٹریلیا 51 رنز سے میچ اور سیریز کا فاتح

November 29, 2020

آسٹریلیا نے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں بھارت کو دھول چٹا دی۔

سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 51 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کے 4 وکٹ پر 389 رنز کے جواب میں بھارت 9 وکٹ پر 338 رنز ہی بنا سکا، سیریز میں لگاتا دوسری سنچری بنانے والے اسٹیو اسمتھ ایک بار پھر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

گزشتہ میچ کی طرح آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ اننگز اوپن کی۔

آسٹریلوی اوپنرز نے پہلے ایک روزہ میچ کی طرح ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔

کپتان ایرون فنچ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے، وہ 60 رنز کی اننگز کھیل کر محمد شامی کا شکار بن گئے، انہوں نے اس دوران 6 چوکے اور 1چھکا لگایا۔

154 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر 7 چوکے اور 3 چھکے لگا کر 83 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ہی تھے کہ رن آوٹ ہوگئے۔

42ویں اوور میں بھارت کو بڑی کامیابی ملی، میچ کے بہترین کھلاڑی اسٹیو اسمتھ 104 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پانڈیا کا شکار بن گئے، انہوں نے 64 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکے اور 14 چوکے لگائے۔

چوتھی وکٹ پر مارنس اور میکسویل نے بھارتی بولنگ کے چھکے چھڑادیے اور 45 گیندوں پر 80 رنز بنائے، میکسویل نے 29 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس میں انہوں نے 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔

آسٹریلیا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مارنس تھے، جو 61 گیندوں پر 70 رنز بنا کر بھمرا کا شکار بن گئے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے بھاری ٹارگٹ ملنے کا بوجھ تھا کہ مہمان ٹیم بھارت کی ابتدائی 2 وکٹ 60 کے اسکور پر گر گئی، گزشتہ میچ میں بہترین اننگز کھیلنے والے شیکھر دھون 30 اور مانک اگروال 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان ویرات کوہلی نے شریاس ائیر کے ساتھ مل کر اسکور میں 93 رنز کا اضافہ کیا، مگر ائیر 153 کے مجموعی اسکور پر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے 38 رنز کی اننگز کے دوران 5 بار گیندوں کو باؤنڈری کا راستہ دکھایا۔

اس کے بعد ویرات کوہلی نے کے ایل راہول کے ساتھ مل کر اسکور میں تیزی سے اضافے کی کوشش کی مگر 225 کے اسکور پر وہ 89 رنز پر ہمت ہار گئے، کوہلی نے اس اننگز کے دوران 7 چوکے اور 2 چھکا لگائے۔

ویرات کوہلی کی 2 کھلاڑیوں کے ساتھ عمدہ شراکتوں سے میچ کے دلچسپ بننے کے امکانات بڑھ گئے تھے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہول نے مزاحمت جاری رکھی مگر 288 کے مجموعے پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 76 رنز کی اننگز کھیل کر میدان چھوڑ گئے۔

راہول کے بعد پانڈیا 28 اور جڈیجا 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میچ مکمل طور پر آسٹریلیا کی گرفت میں آچکا تھا، محمد شامی 1 اور بھمرا 0 پر آوٹ ہوئے تو 50 اوورز میں بھارتی ٹیم کا اسکور 9 وکٹ پر 338 رنز تھا۔