مسعود خان کی بزرگ نارویجین کشمیری رہنما شاہنوازخان کی وفات پر تعزیت

November 29, 2020

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بزرگ نارویجین کشمیری رہنماء سردار شاہنواز خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ کہنہ مشق کشمیری رہنماء سردار شاہنواز خان جو آزاد کشمیر کے پہلے صدر، غازی ملت، سردار ابراہیم کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے، تین روز قبل ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں انتقال کرگئے تھے۔ اگرچہ وہ کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے تھے لیکن ڈاکٹروں کے مطابق، جسمانی کمزوری کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکے۔

صدر آزاد کشمیر مسعود خان جو طالبعلمی کے زمانے میں مرحوم سردار شاہنواز خان کے کالج فیلو بھی رہے، نے فون پر مرحوم کے بڑے فرزند اور شمالی یورپ میں کشمیر کاز کے لیے سرگرم تنظیم کشمیر اسکینڈے نیوین کونسل کے سربراہ سردار علی شاہنواز خان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مسعود خان نے علی شاہنواز خان کو بتایا کہ ان کے والد کالج میں ان سے سینیئر تھے، وہ ایک اچھے انسان اور ان کی سوچ تعمیری تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کالج کے زمانے میں سردار شاہنواز خان نے طلباء کا ایک سینڈیکیٹ بھی بنایا تھا اور ان کی شخصیت متاثرکن تھی۔

صدر مسعود خان نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

ادھر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر، سینیئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف، جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شاہین کوثر ڈار نے بھی اپنے بیان میں کہنہ مشق نارویجین کشمیری رہنماء سردار شاہنواز خان کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

مرحوم سردار شاہنواز خان کی میت پیر کو پاکستان روانہ ہوگی جہاں منگل کے روز ان کے آبائی گاؤں سردی بھالگران، تحصیل تھوراڑ نزد راولا کوٹ (آزاد کشمیر) میں ان کی نماز جنازہ اور تدفین متوقع ہے۔

مرحوم کے بڑے فرزند سردار علی شاہنواز خان آج اتوار کے روز ناروے سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔