ڈیفنس پولیس مقابلے میں مارے گئے ملزمان کا ٹیلی فون ریکارڈ سامنے آگیا

November 29, 2020

کراچی کے علاقے ڈیفنس میںمبینہ پولیس مقابلے کی مزید تفصیلات جیو نیوز نے حاصل کرلیں، جبکہ مقابلے میں ہلاک تینوں ملزمان کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی جیو نیوز کو موصول ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک سرغنہ غلام مصطفی، عابد اور محمد عباس کا کال ریکارڈ موجود ہے، محمد عباس کے فون نمبر کا ڈیٹا موجود ہے جو وہ استعمال کر رہا تھا، اسی نمبر سے مبینہ گروہ سرغنہ غلام مصطفی اور عابد سے بھی رابطہ تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کے درمیان کم از کم 31 فون کالز کا ریکارڈ موجود ہے، ریکارڈ میں آنے اور جانے والی دونوں کال ریکارڈز موجود ہیں، محمد عباس اسی نمبر سے ایڈووکیٹ علی حسنین اور اہلیہ لیلی سے بھی رابطے میں تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ محمد عباس کا ایڈووکیٹ علی حسنین اور لیلی پروین سے 60 بار رابطہ ہوا۔

حکام کے مطابق ملزمان سے جو اسلحہ ملا ان میں ایک نائن ایم ایم پستول چھینا ہوا تھا، نائن ایم ایم پستول 2019 میں درخشاں کے علاقے میں ایک گھر سے چھینا گیا تھا، جس شہری سے لائسنس یافتہ پستول چھینا گیا اس کا مقدمہ درج ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید ٹھوس تفصیلات بھی موجود ہیں، وقت پر ظاہر کی جائیں گی۔