سابق وزیراعظم ظفر اللّٰہ جمالی کی حالت تشویش ناک، اسپتال منتقل

November 29, 2020

سابق وزیراعظم ظفر اللّٰہ جمالی دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کردیے گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ظفر اللّٰہ جمالی کی اے ایف آئی سی اسپتال منتقلی کے وقت حالت تشویشناک تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ظفر اللّٰہ جمالی کی عمر 76 سال ہے وہ پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، ق لیگ کی طرف سے وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے ظفر اللہ جمالی1 سال 7 ماہ سے زائد عرصہ تک اس عہدے پر براجمان رہے۔

وہ 23 نومبر 2002 کو پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور 26 جون 2004 کو وزرات اعظمی کے منصب سے مستعفی ہوئے تھے۔

سابق وزیراعظم ظفر اللّٰہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کو پیدا ہوئے، انہوں نے لارنس کالج مری سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

ایچی سن کالج لاہور سے اے لیول اور گریجویشن گورنمنٹ کالج لاہور سے مکمل کی اور سیاسیات میں ماسٹر کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

ان کا شمار بلوچستان کے نمایاں سیاستدانوں میں ہوتا ہے وہ وزیراعلیٰ اور نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان بھی رہ چکے ہیں، وہ وفاقی اور صوبائی وزیر اور 2 بار سینیٹر بھی منتخب ہوئے۔