گلگت بلتستان: وزارتِ اعلیٰ کا تاج کس کے سر؟ فیصلہ پیر کو ہوگا

November 29, 2020

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا انتخاب پیر کو ہوگا، تحریک انصاف کے بیرسٹر خالد خورشید اور متحدہ اپوزیشن کے امجد حسین ایڈووکیٹ مدِمقابل ہوں گے۔

ریٹرننگ آفیسر عبدالرزاق کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی صبح 11 بج کر 30 منٹ تک جمع ہوں گے۔

وزارت اعلیٰ کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال دوپہر 12 بجے تک مکمل کرلی جائے گی۔


ریٹرننگ آفیسر کے مطابق امیدوار کے دستبردار ہونے کے لیے دوپہر 2 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے انتخاب کے لیے پولنگ شام 4 بجے ہوگی، جس کی تکمیل اور ووٹوں کی گنتی کے بعد اسپیکر اسمبلی سید امجد زیدی نو منتخب وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کردیں گے۔