پاکستانی کرکٹرز آج تیسری بار کوویڈ ٹیسٹ کرائیں گے

November 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تیسری کوویڈ ٹیسٹنگ پیر کو ہوگی۔ توقع ہے کہ منفی رپورٹس آنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو گروپس کی شکل میں پریکٹس کی اجازت مل جائے گی۔ اتوار کوقومی کرکٹ اسکواڈ کے بیشتر اراکین کی مختصر وقت کے لیے ہوٹل سے متصل ایریا میں واک کرنے کی اجازت مل گئی ۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے نے واک کے علاوہ ہلکی پھلکی ایکسرسائز بھی کی ۔ زیادہ ارکان اپنے کمروں میں نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھتے رہے۔ چند ارکان آسٹریلیا بھارت کا ون ڈے میچ بھی دیکھا ۔ پاکستان اسکواڈ کو گزشتہ روز آئسولیشن قوانین میں نرمی کے بعد چہل قدمی کی اجازت دی گئی ہے تاہم کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ مسلسل کمروں میں رہنا تکلیف دے عمل ہے۔ اس صورتحال کے نہ وہ عادی ہیں اور نہ ہی ایسی صورتحال اس سے قبل پہلے دیکھی تھی۔زیادہ تر کھلاڑیوں کا وقت ٹی وی دیکھ کر،انٹر نیٹ پر یا فون پر بات کرکے گذرتا ہے۔کھلاڑی روزانہ ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے دو بار چہل قدمی کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کے بلڈ ٹیسٹ سے کورونا وائرس کے ریکارڈ کو چیک کیا گیا ہے۔ تمام 53 اراکین کے بلڈ ٹیسٹ کئے ہیں۔ ابتدائی چھ مثبت کیسز میں سے دو کے کیس ماضی کے ہیں ، ٹیم کے 53 ممبران میں سے 11 مزید ارکان میں ماضی میں کورونا انفیکشن کے اثرات موجودہیں۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے ای میل کے ذریعے کرکٹ نیوزی لینڈ کو کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو سیریز کی تیاری کے لئے پریکٹس کی اجازت دی جائے۔